ڈھاکا(ایچ آراین ڈبلیو)وزیرخارجہ اسحٰق ڈارکی بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ سے ملاقات، 6 مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کئے-نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے بنگلہ دیش کے دورے کے دوران مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی ہے، دونوں ملکوں کے درمیان 6 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کردیے گئے۔
دفتر خارجہ کی جانب سے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ پوسٹ کے مطابق ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحٰق ڈار نے ڈھاکا میں بنگلہ دیش کے مشیر خارجہ ایچ ای ایم ڈی توحید حسین سے تفصیلی ملاقات کی۔
دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جن میں اعلیٰ سطح کے دورے، تجارتی و اقتصادی تعاون، عوامی روابط، ثقافتی تبادلے، تعلیم اور استعداد کار میں اضافے کے منصوبے اور انسانی ہمدردی سے متعلق امور شامل تھے۔


