ممبئی(ایچ آراین ڈبلیو)پولیس نے معروف کامیڈین کپل شرما کو لارنس بشنوئی گینگ کی جانب سے دھمکیاں ملنے اور کیفے پر حملوں کے بعد ان کی سیکیورٹی میں اضافہ کردیا ہے۔
حال ہی میں کپل شرما کے کینیڈا میں واقع کیفے پر فائرنگ کا واقعہ رونما ہوا تھا، جس کی ذمہ داری لارنس بشنوئی گینگ نے قبول کرلی تھی اور اس گینگ کی جانب سے سلمان خان کیساتھ کام کرنے والوں کو بھی خطرناک انجام کی دھمکیاں دی گئیں ہیں۔
کپل شرما کے سلمان خان سے تعلقات کی وجہ سے لارنس بشنوئی گینگ غصے میں ہے، کیونکہ کپل شرما جس کامیڈی شو کے میزبان ہیں اس کی پروڈکشن سلمان خان کی ہے۔ جس کے باعث ممبئی پولیس نے کپل شرما کی جان کو لاحق خطرے کے باعث ان کی سیکورٹی بڑھادی ہے۔
واضح ہے کہ کینیڈا میں موجود کپل شرما کے کیفے پر یہ حملہ دوسری بار ہوا ہے۔ حالیہ حملے میں تقریباً 25 گولیاں چلائی گئیں اور اس کا ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا جس میں ایک آواز بھی سنائی دی کہ اگر ہدف نے اپنی موبائل کال نہیں سنی تو ممبئی میں اگلا اقدام اُٹھایا جائے گا۔


