کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات، گورنر سندھ چیف جسٹس کو خط لکھیں گے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) کراچی میں بڑھتے ٹریفک حادثات اور اس میں ہونے والی ہلاکتوں میں تیز اضافے پر گورنر سندھ نے چیف جسٹس آف پاکستان سے مدد لینے کا فیصلہ کرلیا۔ کامران ٹیسوری جلد ہی چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کو خط لکھیں گے۔

گورنر سندھ اپنے خط میں چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کریں گے کہ ان کے خط کو آئینی پٹیشن میں تبدیل کیا جائے اور شہر قائد میں ٹریفک حادثات کے واقعات پر عدالت عظمیٰ کا لارجر بینچ تشکیل دیا جائے جو کراچی رجسٹری میں اس کیس کی سماعت کرے اور کراچی ٹریفک حادثات میں انسانی جانوں کی اموات کی روک تھام کے لیے مؤثر فیصلہ جاری کرے۔

انہوں نے بتایا کہ عید الفطر کے بعد گورنر ہاؤس میں آل پارٹیز کانفرنس منعقد ہوگی، جس میں پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم پاکستان،جماعت اسلامی،جے یوآئی، عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، مہاجر قومی موومنٹ سمیت دیگرسیاسی و مذہبی جماعتوں،سول سوسائٹی، ٹرانسپورٹرز اور تمام اسٹیک ہولڈرز کو مدعو کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں