کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان رینجرز (سندھ) اور ڈسٹرکٹ سنٹرل پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پرمشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی ڈسٹرکٹ سنٹرل کےعلاقہ ایوب گوٹھ سے بھتہ وصولی میں ملوث گینگ کے تین ملزمان وقار ، محمد اسلم عرف مرغی اور سلمان عرف نانا کو گرفتار کر لیا۔گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ و ایمونیشن بھی برآمد کر لیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان بھتہ وصولی میں ملوث گینگ کے سرغنہ عبدالصمد عرف فیضان کے ساتھی ہیں اور پان چھالیہ کی غیر قانونی خریدو فروخت میں ملوث ہیں ۔ ملزمان کاروباری افراد کوغیر ملکی نمبروں سے بھتہ وصولی کے لیے کالز کرنے اور بھتہ نہ دینے کی صورت میں فائرنگ میں بھی ملوث ہیں۔
گرفتار ملزم وقار نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ 2022 کے دوران بھتہ وصولی گینگ کے سرغنہ عبدالصمد کے ساتھ مل کر نیو کراچی کے ایریا میں گٹکا / ماوا فروخت کرنے کا غیر قانونی کام کرتا رہا ہے جس کے عوض عبدالصمدعرف فیضان ملزم کو 700/- روپے روزانہ بطور معاوضہ دیتا تھا۔ ملزم نے مزید انکشاف کیا ہےکہ اکتوبر 2024 میں عبدالصمد عرف فیضان نے ملزم کو بین الاقوامی واٹس ایپ نمبر سے رابطہ کر کے کامران بنگالی نامی شخص کی معلومات فراہم کرنے کا ٹاسک دیا تھا۔ ملزم ابھی تک عبدالصمد عرف فیضان سے رابطے میں تھا۔
گرفتار ملزم اسلم عرف مرغی نے انکشاف کیا کہ وہ کراچی اور اندرون سندھ میں چھالیہ کی غیر قانونی اسمگلنگ میں ملوث رہا ہے ۔
ملزم عبدالصمد عرف فیضان کے دست راست سہیل کے ذریعے عبدالصمد سے دھمکی آمیز کالز کرواتا تھا اور لوگوں سے بھتہ وصولی کرتا تھا۔ ملزم عبدالصمد عرف فیضان کا قریبی ساتھی ہے۔
گرفتار ملزم سلمان عرف نانا اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔ ملزم اس سے قبل مختلف مقدمات میں متعدد بار گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے ۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ برآمد شدہ اسلحہ و ایمونیشن مزید قانونی کاروائی کے لئے ڈسٹرکٹ سنٹرل پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ عوام الناس سے اپیل ہےکہ ،ایسےجرائم پیشہ عناصر کے بارے میں اطلاع فوری طور پر قریبی رینجرز چیک پوسٹ،رینجرز مددگاربذریعہ واٹس ایپ نمبر 0347900111 ‘یا’رینجرز ہیلپ لائن 1101پر کال کریں’یا’ایس ایم ایس کے ذریعے دیں، آپ کا نام صیغہ رازمیں رکھاجائے گیا۔


