راولپنڈی (ایچ آراین ڈبلیو) توہین رسالتﷺ کیس میں عدالت کا بڑا فیصلہ، 5 مجرموں کو پھانسی،عمر قید اور 65 لاکھ روپے جرمانے کی سزا
توہین رسالت ﷺ اور توہین قرآن پاک کیس میں راولپنڈی کی مقامی عدالت نے بڑا فیصلہ دیتے ہوئے 5 مجرمان کو پھانسی ،عمر قید اور 80 سال قید سخت سنا دی۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے فیصلے میں کہا کہ پانچوں مجرمان کو مجموعی طور پر 65 لاکھ روپے جرمانہ بھی ادا کرنا ہوگا، مجرمان محمد ارسلان، علی عباس، فیصل ریحان، خرم افضال اور زنیر سکندر کو سزا سنائی گئی۔
مجرمان کے خلاف ایف آئی اے سائبر کرائم نے مقدمہ درج کیا تھا، ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج طارق ایوب نے فیصلہ سنا دیا۔
فیصلے کے بعد پانچوں مجرمان کو اڈیالہ جیل منتقل کر دیا گیا، عدالت نے قرار دیا کہ مجرمان نے گھناؤنا جرم کیا ہے ، یہ کسی رعایت کے مستحق نہیں، مجرمان کو اس وقت تک پھانسی کے پھندے پر لٹکائے رکھا جائے جب تک موت واقع نا ہو۔
فیصلہ سنائے جانے کے وقت انتہائی سخت سیکورٹی تھی جبکہ بڑی تعداد میں وکلا اور شہری بھی موجود تھے۔


