49

شادی کے نام پر لوگوں کولوٹنے والی چالاک لٹیری دلہن گرفتار

بھارت(ایچ آراین ڈبلیو)ناگپور میں شادی کے نام پر لوگوں کو لوٹنے والی انتہائی چالاک لٹیری دلہن سمیرا فاطمہ کو پولیس نے حراست میں لے لیا۔مبینہ ’لٹیری دلہن‘ جو گزشتہ ڈیڑھ سال سے مفرور تھی، ناگپور کے مختلف علاقوں میں رہنے والے کم از کم 8 شادی شدہ مردوں کو شادی کا جھانسہ دے کر چونا لگا چکی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ سمیرا جو کہ اعلیٰ تعلیم یافتہ اور اسکول ٹیچر تھی، سوشل میڈیا کے ذریعہ شادی شدہ مردوں کو اپنی محبت کے جال میں پھنسا لیا کرتی تھی۔ وہ خود کو یہ کہہ کر ہمدردی حاصل کرتی تھی کہ وہ طلاق یافتہ ہے اور کہتی تھی، میرا ساتھ دو، میں دوسری بیوی بن کر رہوں گی۔مرد اس کے جھانسے میں آکر اس سے شادی کرلیا کرتے اور خاتون ایک ماہ بعد ہی جھگڑا کرلیا کرتی اور بلیک میل کرنا شروع کر دیتی۔

لٹیری دلہن کورٹ کیس اور تصفیہ کے نام پر لاکھوں روپے بٹورتی تھی۔ درحقیقت، متاثرہ غلام پٹھان (شوہر) نے مارچ 2023 میں اس کے خلاف شکایت درج کرائی تھی۔اس کا الزام ہے کہ 2010 سے سمیرا نے 8 شادیاں کیں اور تقریباً 50 لاکھ روپے بھتہ وصول کیا۔ پولیس کے پاس 10 لاکھ روپے کے فراڈ کے ٹھوس شواہد موجود ہیں۔

خاتون جھوٹے الزامات لگا کر ڈرا دھمکاکر اور تصفیہ کے نام پر بھاری رقم بٹورتی تھی۔ پولیس سمیرا کی تلاش میں تھی، آخر کار سول لائنز کے علاقے میں ایک چائے کے اسٹال پر چائے پینے آئی اور اس کو وہیں سے گرفتار کرلیا گیا۔

اس معاملے میں کئی دیگر مرد بھی سامنے آئے ہیں اور انہوں نے اس حوالے سے شکایتیں درج کرائی ہیں، پولیس کو شبہ ہے کہ اس نے مزید کئی لوگوں کو بھی چونا لگایا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں