کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ شاہ لطیف میں منشیات کےخلاف بڑی کارروائی وزیر داخلہ سندھ اور آئی جی سندھ کے احکامات پر نشے کے عادی اور منشیات فروشوں کے گرد گھیرا تنگ کردیا گیا-
وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحسن لنجار اور آئی جی سندھ غلام نبی میمن کی واضح ہدایات پر عمل کرتے ہوئے، ایس ایس پی ملیر ڈاکٹر عبدالخالق پیرزادہ کی نگرانی میں تھانہ شاہ لطیف کی حدود میں منشیات کے خلاف ایک مؤثر اور منظم آپریشن کیا گیا۔ اس کارروائی کا مقصد ان افراد کی نشاندہی اور گرفتاری تھا جو نشے کے عادی ہونے کے ساتھ ساتھ اس زہر کو دوسروں تک پہنچانے کا ذریعہ بنے ہوئے تھے۔
پولیس ٹیموں نے منظم حکمتِ عملی کے تحت علاقے کو گھیرے میں لے کر کارروائی کی، جس میں متعدد ایسے عناصر کو حراست میں لیا گیا جو نہ صرف نشہ کرتے تھے بلکہ اسے آگے پھیلانے میں بھی ملوث تھے۔
گرفتار افراد کو قانونی ضابطوں کے مطابق پروسیس کرنے کے بعد بحالی مرکز منتقل کیا جا رہا ہے، جہاں ان کی ذہنی اور جسمانی بحالی پر توجہ دی جائے گی تاکہ وہ دوبارہ ایک نارمل زندگی گزار سکیں۔
آپریشن کے دوران عوام میں منشیات کے نقصانات سے متعلق شعور بیدار کرنے کے لیے آگاہی بھی دی گئی۔ پولیس نے والدین اور نوجوانوں کو تلقین کی کہ وہ نشے سے اجتناب کریں اور اپنے مستقبل کو روشن بنائیں۔
نشہ صرف صحت کا دشمن نہیں بلکہ گھر، خاندان اور معاشرے کو اندھیروں میں دھکیل دیتا ہے۔ ملیر پولیس اس خطرناک لعنت کے خاتمے کے لیے اپنی ذمہ داریاں بھرپور انداز میں نبھا رہی ہے۔نوجوان ہمارا کل ہیں، اور اُن کی حفاظت پولیس کا عزم ہے — یہی عزم ہمیں کامیابی کی جانب لے کر جائے گا۔


