57

اے ٹی ایم کے اندر ڈکیتی، ڈاکوؤں کے چہرے کیمرے میں ریکارڈ

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) شاہ فیصل کالونی میں اے ٹی ایم کے اندر ڈکیتی کی واردات، ڈاکو شہری کو لوٹ کر فرار ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق، چند روز قبل ایک شہری شاہ فیصل کالونی میں واقع ایک بینک کے اے ٹی ایم سے رقم نکالنے آیا۔ شہری کسی ذاتی پریشانی کے عالم میں تھا اور اسے اندازہ نہ تھا کہ بینک کے باہر ڈاکو پہلے سے گھات لگائے بیٹھے ہیں۔

جیسے ہی متاثرہ شہری اے ٹی ایم سے رقم نکال کر باہر نکلنے کے لیے دروازہ کھولتا ہے، تو اچانک دو ڈاکو اندر گھس آتے ہیں، شہری کو زدوکوب کرتے ہیں اور اس سے نقدی، موبائل فون اور دیگر قیمتی اشیاء چھین لیتے ہیں۔

اہم بات یہ ہے کہ ڈاکوؤں نے اپنے چہرے نہیں ڈھانپے تھے، جس کے باعث ان کی شناخت بینک کے سیکیورٹی کیمروں میں واضح طور پر ریکارڈ ہو گئی ہے۔ ویڈیو فوٹیج میں ڈاکوؤں کے چہرے صاف دکھائی دے رہے ہیں۔

عوامی حلقوں اور متاثرہ شہری کی جانب سے قانون نافذ کرنے والے اداروں سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ ڈاکوؤں کو جلد از جلد گرفتار کر کے کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے، تاکہ شہریوں میں بڑھتے ہوئے خوف و ہراس کا سدباب کیا جا سکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں