هنجروال(ایچ آراین دبلیو)ہنی ٹریپ کا مکروہ جال بے نقاب – دو خواتین سمیت چار ملزمان گرفتار(سول ڈیفنس کا اہلکار بھی شامل، خود کو پولیس اہلکار ظاہر کرتا رہا – متاثرہ شہری کو تشدد، بلیک میلنگ اور رقم بٹورنے کا انکشاف)-
ایس پی اقبال ٹاؤن ڈاکٹر محمد عمر کی خصوصی ہدایت پر ہنجروال پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہنی ٹریپ کے مکروہ دھندے میں ملوث چار افراد کو گرفتار کر لیا، جن میں دو خواتین بھی شامل ہیں۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق مرکزی ملزمہ روبینہ نے شہری وقار کو فون پر ورغلا کر اپنے پاس بلایا، جہاں پہلے سے منصوبے کے مطابق اسے حبسِ بے جا میں رکھا گیا، نازیبا ویڈیوز بنائی گئیں اور بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔
ملزمان نے ویڈیوز کی بنیاد پر سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتے ہوئے متاثرہ شہری سے رقم بھی بٹوری۔ حیران کن طور پر گرفتار ملزمان میں سے ایک سول ڈیفنس کا ملازم نکلا، جو مسلسل خود کو پولیس اہلکار ظاہر کر کے خوف و ہراس پھیلاتا رہا۔
پولیس نے مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے، جبکہ ایس پی اقبال ٹاؤن نے واضح کیا ہے کہ شہریوں کو بلیک میل کرنے والے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
مزید انکشافات متوقع، متاثرین کو آگے آنے کی اپیل ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ گروہ ماضی میں بھی متعدد شہریوں کو اسی طریقے سے نشانہ بنا چکا ہے۔ پولیس نے دیگر متاثرین سے رابطہ کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ کیس کو منطقی انجام تک پہنچایا جا سکے


