سرکاری ملازمین کے بچوں کی ملازمت سے متعلق جسٹس منصور علی شاہ کی نئی تشریح

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) سپریم کورٹ نے دورانِ سروس وفات پانے والے، طبی بنیادوں پر ریٹائر ہونے والے یا ملازمت سے سبکدوش ہونے والے سرکاری ملازمین کے بچوں کو ملازمت دینے کے قانون کو تمام صوبوں میں ختم کر دیا تھا۔ اس فیصلے کے نتیجے میں خیبرپختونخوا حکومت نے ایک نوٹیفکیشن جاری کیا تھا اور بعد میں قانون میں ترمیم بھی کی۔

آئین کے آرٹیکل 13 کے تحت وہ امیدوار، جن کے والدین 18 اکتوبر 2024 سے پہلے دوران سروس وفات پا گئے، ریٹائر ہو چکے، یا طبی بنیادوں پر ریٹائرمنٹ لے چکے ہیں، ان پر صوبائی حکومت کا جاری کردہ نوٹیفکیشن اور سپریم کورٹ کے فیصلہ کا اطلاق نہیں ہوگا۔ سپریم کورٹ کا فیصلہ مستقبل (Prospective) کے لیے نافذ ہوگا، نہ کہ ماضی (Retrospective) کے لیے۔ وہ کیسز، جو 18 اکتوبر 2024 سے پہلے متعلقہ محکمے کو بھیجے جا چکے تھے، پرانے قانون کے تحت ہی نمٹائے جائیں گے، اور درخواست دہندگان قانونی طور پر نوکری کے حق دار ہوں گے۔

آج سپریم کورٹ کے جسٹس منصور علی شاہ کے بینچ کے سامنے ایک ایسا کیس آیا، جس میں دورانِ سروس وفات پانے والے سرکاری ملازم کی بیٹی کو نوکری دینے کا معاملہ تھا۔ عدالت نے سابقہ اصولوں کو مدنظر رکھتے ہوئے متاثرہ خاتون کے حق میں فیصلہ سنایا اور نوکری دینے کی ہدایات جاری کیں۔

خیبرپختونخوا حکومت نے مؤقف اختیار کیا کہ سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس فائز عیسیٰ کے فیصلے کے مطابق سرکاری ملازم کے بچوں کو ترجیحی بنیادوں پر نوکری نہیں دی جا سکتی۔ مزید یہ کہ حکومت کا کہنا تھا کہ چونکہ متاثرہ خاتون شادی شدہ ہیں، اس لیے وہ والد کی جگہ نوکری کی حقدار نہیں۔ جسٹس منصور علی شاہ نے ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا سے استفسار کیا کہ کون سا قانون کہتا ہے کہ شادی شدہ بیٹی اپنے والد کے انتقال کے بعد نوکری کے حق سے محروم ہو جاتی ہے؟ عدالت نے واضح کیا کہ یہ کیس 2024 کے فیصلے سے پہلے کا ہے، لہٰذا اس پر نئے قانون کا اطلاق نہیں ہوگا، اور خاتون اپنی ملازمت کی حقدار ہے۔

یہ فیصلہ نہ صرف ایک اہم قانونی نظیر ہے بلکہ ان متاثرہ افراد کے لیے بھی امید کی کرن ہے، جن کے کیسز پشاور ہائی کورٹ میں سپریم کورٹ کے سابقہ فیصلے کی بنیاد پر خارج کیے جا چکے ہیں۔ اب وہ سپریم کورٹ کے اس حالیہ فیصلے کی روشنی میں ہائی کورٹ میں نظرِثانی (Review) کی درخواست دائر کر کے ریلیف حاصل کر سکتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں