متوازن آبادی ہی پائیدار ترقی کی کنجی ہے، چیئرمین سینیٹ

لاہور(ایچ آراین ڈبلیو)عالمی یومِ آبادی کے موقع پر چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے ایک خصوصی پیغام جاری کیا ہے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے آبادی کے بے ہنگم اضافے کو ملک کے وسائل اور ترقی پر ایک بڑا بوجھ قرار دیا ہے۔

چیئرمین سینیٹ نے زور دیا کہ “آبادی میں توازن کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں”۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر آبادی کی شرح اسی طرح بڑھتی رہی تو آئندہ نسلوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی مشکل ہو سکتی ہے۔ ان کے مطابق، غربت، بے روزگاری اور ماحولیاتی مسائل براہ راست آبادی کے دباؤ سے جُڑے ہوئے ہیں۔

سید یوسف رضا گیلانی نے اس اہم مسئلے کے حل کے لیے قومی سطح پر مشترکہ حکمتِ عملی کی اشد ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمان آبادی کے مسئلے کے حل کے لیے قانون سازی میں مؤثر کردار ادا کرے گی۔

چیئرمین سینیٹ نے مذہبی رہنماؤں، حکومت، میڈیا اور سول سوسائٹی، سے اپیل کی کہ وہ اس مسئلے پر ایک صفحے پر آئیں۔ انہوں نے پاکستان کو ایک متوازن، ترقی یافتہ اور خوشحال ریاست بنانے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا-

اپنا تبصرہ بھیجیں