سرسید یونیورسٹی میں چوبیسویں حج قرعہ اندازی، دو ملازمین کوحج کی سعادت حاصل ہوگی

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں سالانہ حج قرعہ اندازی کی چوبیسویں تقریب نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی، جس میں یونیورسٹی کے دو خوش نصیب ملازمین کو حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے منتخب کیا گیا۔ اس قرعہ اندازی کا اہتمام یونیورسٹی کی انتظامیہ کی جانب سے کیا گیا، جس کا مقصد ملازمین کو روحانی ترقی کے اس عظیم سفر کا موقع فراہم کرنا ہے۔منتخب ہونے والے دو خوش نصیب افراد میں انجینئر نادیہ قمر (اسسٹنٹ پروفیسر) اور عبدالحمید (سینیئر سیکیورٹی گارڈ) شامل ہیں۔جبکہ انجینئرمدیحہ عباسی (سینئر لیکچرار، ٹیلی کمیونیکیشن) اور پروفیسر ڈاکٹر عبدالسمیع قریشی (سول انجینئرنگ) اسٹینڈ بائی ہیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سرسید یونیورسٹی کے چانسلرا کبر علی خان کا کہنا تھاکہ یہ اللہ تعالیٰ کا خاص انعام ہے کہ ہمارے چار ساتھیوں کو اس سال حج کی سعادت نصیب ہو رہی ہے۔ میں ان سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتا ہوں اور ان سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ اپنے مقدس سفر کے دوران ملک و ملت، مسلم اُمہ اور سرسید یونیورسٹی کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کریں۔ یہ ایک سنہری موقع ہے، لہٰذا ہر قدم پر اللہ کی رضا اور خوشنودی کو پیش نظر رکھیں۔

اس موقع پر رجسٹرار کموڈور (ر) سید سرفراز علی نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ سرسید یونیورسٹی ہمیشہ اپنے ملازمین کی فلاح و بہبود کو مقدم رکھتی ہے، اور حج قرعہ اندازی اس کی ایک روشن مثال ہے۔ ہم خوش نصیب منتخب افراد کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہیں اور دعا گو ہیں کہ ان کا حج قبول ہو اور وہ بخیر و عافیت واپس لوٹیں۔ یہ روایت نہ صرف روحانی ترقی کا ذریعہ ہے بلکہ ادارے کے اندر ایک مثبت اور باہمی احترام پر مبنی ماحول کو فروغ دیتی ہے۔

تقریب کا اختتام دعا اور نیک تمناؤں کے ساتھ ہوا، جہاں شرکاء نے منتخب افراد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے مبارکباد پیش کیں اور اس روایت کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں