38

پیپلز پارٹی کی منافقت بے نقاب، کراچی کے شہریوں کی جان کی قیمت صرف 10 لاکھ روپے

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان تحریک انصاف سندھ کےرہنما رضوان خانزادہ نےصوبائی وزراء شرجیل میمن اور سعید غنی کی حالیہ پریس کانفرنس پر شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کی منافقت ایک بار پھر قوم کے سامنے بے نقاب ہو گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ’’یہ انتہائی افسوسناک امر ہے کہ اگر سکھر میں کوئی واقعہ ہو جائے تو وہاں کے متاثرین کو کروڑوں روپے دیے جاتے ہیں، لیکن کراچی کے عوام — جو اس ملک کو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں اور پورے پاکستان کی معیشت چلاتے ہیں — اُن کے لیے صرف 10 لاکھ روپے کا اعلان کیا جاتا ہے۔‘‘

رضوان خانزادہ نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف نے پہلے دن سے وزیر اعلیٰ سندھ اور چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے مطالبہ کیا تھا کہ ڈی جی ایس بی سی اے اسحاق کھوڑو کو فوری معطل کیا جائے اور اُن کے خلاف مقدمہ درج کیا جائے۔ ’’ہم نے مطالبہ کیا تھا کہ سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 27 افراد کے لواحقین کو فی کس 1 کروڑ روپے اور زخمیوں کو 50 لاکھ روپے دیے جائیں۔‘‘

انہوں نے کہا کہ ’’کراچی کے شہریوں کی جان کی کوئی قیمت نہیں سمجھی جاتی۔ یہ شہر جو اربوں روپے کا ٹیکس دیتا ہے، اُس کے عوام کو محض 10 لاکھ روپے دینا شرمناک اور قابلِ مذمت ہے۔‘‘

رضوان خانزادہ نے چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو سے مطالبہ کیا کہ وہ فی الفور ہر شہید کے لواحقین کے لیے ایک کروڑ روپے کے امدادی پیکج کا اعلان کریں اور اگر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث سرکاری افسران کے خلاف مقدمات درج نہ کیے گئے تو پاکستان تحریک انصاف ازخود قانونی چارہ جوئی کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ تحریکِ انصاف لیاری کے شہریوں کے ساتھ پہلے بھی کھڑی تھی، آج بھی کھڑی ہے، اور آئندہ بھی ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر فورم پر آواز بلند کرے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں