کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں آج 9 محرم کے مرکزی جلوس نکلیں گے اور مجالس کا انعقاد ہوگا۔کراچی میں 9 محرم الحرام کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے ایک بجے برآمد ہوگا، جلوس حسینیہ ایرانیاں امام بارگاہ پر اختتام پذیر ہوگا، لاہور میں نو محرم کا مرکزی جلوس اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ سے برآمد ہوگا۔
اسلام آباد میں نویں محرم الحرام کا جلوس مرکزی امام بارگاہ اثنا عشریٰ جی سکس ٹو سے برآمد ہو کر مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا وہیں اختتام پذیرہوگا۔اسلام آباد پولیس نےجی6میں مرکزی جلوس کے لیے سیکیورٹی انتظامات کر لیے، جلوس میں پیدل داخلے کے لیے 2 راستے مختص ہیں،آئی جی اسلام آبادعلی ناصر رضوی کے مطابق مختص راستوں کے علاوہ داخلے کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی، داخلی راستوں پر اسکینرز بھی لگا دیے گئے ہیں، جب کہ 3 ہزار افسران و جوان جلوس کی سیکیورٹی پر مامور ہیں۔
9 محرم کے جلوس کے لیے ہمیشہ کی طرح سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے اور راستے سیل کیے جا چکے ہیں، جلوس کی گزر گاہوں پر موبائل فون سروس بھی معطل ہے۔


