کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)مونسون کے دوسرے سسٹم نے سندھ میں باقاعدہ طور پر اپنا اثر دکھانا شروع کر دیا ہے۔ اس وقت مشرقی سندھ میں گرج چمک کے طاقتور سلسلے موجود ہیں، جبکہ آج رات دیر گئے جنوبی مشرقی سندھ، خصوصاً تھر کے علاقوں میں بھی بادل بننے کا امکان ہے، جس کے باعث کچھ مقامات پر بارش متوقع ہے۔
کراچی میں آج صبح مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی اور کہیں درمیانی شدت کی بارش ریکارڈ کی گئی۔ دن بھر موسم مرطوب رہا اور بادلوں کی آنکھ مچولی جاری رہی۔رات کے اوقات میں سمندری بادلوں اور کیرتھر کے اطراف گرج چمک کے اثرات سے شہر کے کچھ علاقوں میں ہلکی بارش متوقع ہے۔
کل کے دن اس سسٹم کے زیادہ واضح اور باقاعدہ اثرات سامنے آ سکتے ہیں، کیونکہ گرج چمک کے نئے سلسلے شہر کے قریب تشکیل پا سکتے ہیں۔ ان کے زیرِ اثر شہر کے مشرقی اور شمال مشرقی علاقوں سمیت مختلف علاقوں میں کہیں ہلکی سے درمیانی، تو کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔جیسا کہ پہلے بھی بتایا گیا تھا، یہ سسٹم شدت میں معمولی ہے، لہٰذا بارش کی شدت میں علاقوں کے لحاظ سے فرق ممکن ہے۔
ان شاءاللہ جو کچھ بھی ہوگا، بہتری ہی کے لیے ہوگا۔اللہ تعالیٰ بہتر جاننے اور کرنے والا ہے، ہم اپنی معلومات کی بنیاد پر صرف آپ کو آگاہی فراہم کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔ہماری بھرپور کوشش ہے کہ آپ کو مستند، قابلِ بھروسہ اور وقت پر معلومات فراہم کی جائیں۔


