کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)ملیرمیں کوئلہ چوری کا نیٹ ورک ایک بار پھر فعال ہوگیا ، سومار گوٹھ میں غیر قانونی گودام قائم-کراچی کے علاقے ملیر میں ایک بار پھر کوئلہ چوری کا سلسلہ زور پکڑ گیا ہے۔ تھانہ اسٹیل ٹاؤن کی حدود میں واقع سومار گوٹھ میں غیر قانونی کوئلہ ذخیرہ کرنے والا گودام فعال ہو گیا ہے، جہاں لاکھوں ٹن درآمدی کوئلہ چوری ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق جنوبی افریقہ اور انڈونیشیا سے درآمد ہونے والا کوئلہ، جو بندرگاہ محمد بن قاسم کے PIBT ٹرمینل سے ریلوے یارڈ کے ذریعے ملک کے مختلف صنعتی اداروں کو بھیجا جاتا ہے، راستے میں ہی چوری کر لیا جاتا ہے۔ اس غیر قانونی سرگرمی میں گاڑیوں کے ڈرائیورز اور مقامی کوئلہ مافیا کے درمیان گٹھ جوڑ پایا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق سومار گوٹھ کے غیر قانونی گودام میں چوری شدہ کوئلہ اتارا جاتا ہے، جہاں وزن برابر کرنے کے لیے گاڑیوں میں کالی مٹی، خاک اور پانی شامل کیا جاتا ہے تاکہ کسی کو شک نہ ہو
ذرائع کے مطابق اس منظم چوری میں ملوث مافیا کے سرغنہ نے اپنی کمپنیاں باقاعدہ طور پر رجسٹر کروا رکھی ہیں، جن کے ذریعے چوری شدہ کوئلہ مختلف صنعتی اداروں کو باقاعدہ کاروباری طریقے سے فروخت کیا جاتا ہے۔


