کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)محرم الحرام کی آمد کے سلسلے میں چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی نے مختلف امام بارگاہوں کا دورہ کیا اورجلوسوں مجلسوں کےراستوں پر ہونے والے انتظامات کا جائزہ لیا۔ دورے کے دوران انہوں نے خصوصاً شیعہ علماء کرام سے ملاقات کی،ان کےمشورے سنےاورانہیں یقین دہانی کرائی کہ ٹاؤن انتظامیہ اس مقدس مہینےکےدوران ہرممکن تعاون فراہم کرے گی۔
حاجی نوازعلی بروہی نےموقع پرموجودعملے اور بلدیاتی افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ “محرم الحرام میں ذرا سی کوتاہی بھی برداشت نہیں کی جائے گی۔” انہوں نے خاص طور پر صفائی، روشنی، نکاسی آب اور بارش کے پانی کی بروقت نکاسی پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جلوس کے راستوں، امام بارگاہوں اور ان کے اطراف کے علاقوں میں تمام سہولیات یقینی بنائی جائیں تاکہ عزاداروں کو کسی قسم کی تکلیف نہ ہو۔
چیئرمین منگوپیر ٹاؤن حاجی نواز علی بروہی کا کہنا تھا کہ بارش کی صورت میں فوری ردِعمل اور نالوں و گٹروں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے واٹر بورڈ، بلدیاتی اداروں، سینیٹیشن اسٹاف اور دیگر متعلقہ محکموں کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی اور کہا کہ وہ خود بھی تمام امور کی نگرانی کر رہے ہیں۔
“ہماری شیعہ برادری منگوپیر ٹاؤن کا قابل فخر حصہ ہے۔ امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی قربانیاں انسانیت، حق، عدل اور سچائی کی علامت ہیں۔ ان ایام میں ہمیں صبر، برداشت اور بھائی چارے کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔” انہوں نے مزید کہا کہ منگوپیر ٹاؤن میں تمام مکاتب فکر کے افراد بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ رہتے ہیں، اور ہم چاہتے ہیں کہ یہ ماحول محرم میں بھی برقرار رہے۔
آخر میں چیئرمین حاجی نواز علی بروہی نے تمام اداروں، مقامی رضا کاروں، علماء کرام، اور شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ایک دوسرے کے ساتھ تعاون کریں اور کسی بھی مسئلے کی فوری اطلاع دیں تاکہ اس کا بروقت حل ممکن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ “محرم الحرام عبادت، عقیدت اور شعور کا مہینہ ہے، ہمیں اسے امن، اتحاد اور نظم و ضبط کے ساتھ گزارنا ہے۔


