کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)گرومندر کے قریب لڑائی جھگڑے کے دوران نوجوان کے جاں بحق ہونے کا معاملہ، پولیس کی فوری کارروائی، ملوث ملزمان گرفتار۔
تھانہ جمشید کوارٹرز کے علاقے گرومندر کنزل ایمان مسجد کے قریب چائے کے ہوٹل پر موجود سات لڑکوں کے درمیان معمولی بات پر تلخ کلامی ہوئی جو دیکھتے ہی دیکھتے جھگڑے میں تبدیل ہوگئی۔
جھگڑے کے دوران ایک نوجوان کو دھکا لگا، جو قریب کھڑی موٹر سائیکل کے ہینڈل سے ٹکرا کر موقع پہ ہی جاں بحق ہوگیا۔متوفی کی شناخت عبد الرحمٰن ولد عبدالجبار عمری 17/18 سالہ کے نام سے ہوئی۔ایس ایچ او جمشید کوارٹرز نے اطلاع ملتے ہی کارروائی کا آغاز کیا اور پانچ گھنٹے سے بھی کم وقت میں ملوث ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
گرفتار ملزمان میں طلحہ ولد محمد شاہد، حسن ولد عارف (متوفی کا کزن)، عبداللہ ولد شکیل، فراز ولد عبد الستار، منان ولد اکبر علی اور معیز ولد محمد جاوید شامل ہیں۔پولیس کی جانب سے ضابطے کی کارروائی عمل میں لائی جارہی ہیں۔ جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔


