29

لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین،قاتل شوہراورسگابھائی نکلے،آلہ قتل برآمد

چارسدہ(ایچ آراین ڈبلیو)سوٹ کیس میں برآمد ہونے والی لڑکی کے قتل کا ڈراپ سین،قاتلان شوہر اور سگا بھائی نکلے، آلہ قتل برآمد، شوہر اسماعیل گرفتار، مزید تفتیش جاری

مورخہ 24 جون 2025 کو تھانہ سٹی چارسدہ کی حدود ارضیات میں ایک مشکوک سوٹ کیس کی موجودگی کی اطلاع پر سٹی پولیس فوری طور پر موقع پر پہنچی۔ حفاظتی اقدامات کے تحت بم ڈسپوزل یونٹ کو طلب کیا گیا، جنہوں نے تسلی بخش کلیئرنس کے بعد سوٹ کیس کھولا۔ افسوسناک طور پر اس سوٹ کیس سے ایک نوجوان لڑکی کی لاش برآمد ہوئی، جسے فائرنگ کر کے بے دردی سے قتل کیا گیا تھا۔

واقعہ کی سنگینی کے پیش نظر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چارسدہ سلیمان ظفر نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن چارسدہ سجاد خان کی سربراہی میں ایک اعلیٰ سطحی ٹیم تشکیل دی، جس میں ڈی ایس پی سٹی زرداد علی خان، ایس ایچ او سٹی بہرمند شاہ خان، اے ایس ایچ او بسم اللہ جان اور دیگر تفتیشی افسران شامل تھے۔

لاش کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو اسپتال چارسدہ منتقل کیا گیا، جہاں پوسٹ مارٹم کے بعد شناخت کے لیے سوشل میڈیا پر عوام سے مدد طلب کی گئی۔ کچھ دیر بعد ایک شخص تھانے میں پیش ہوا اور لاش کو اپنی بیوی قرار دیا۔ تاہم، پولیس کو اس کے بیانات میں تضاد محسوس ہوا، جس پر اسے شاملِ تفتیش کیا گیا۔

دورانِ تفتیش ملزم اسماعیل نے سنسنی خیز انکشاف کرتے ہوئے اعتراف کیا کہ اس نے اپنی بیوی مسماتہ (ف) کو اس کے سگے بھائی کے ساتھ مل کر قتل کیا۔ وجہ عناد یہ بیان کی گئی کہ مقتولہ کا ایک شخص قربان علی کے ساتھ مبینہ طور پر غلط تعلق تھا، جس پر دونوں نے غیرت کے نام پر اس کا قتل کیا۔

ملزم اسماعیل کی نشاندہی پر واردات میں استعمال ہونے والی کلاشنکوف بھی برآمد کر لی گئی۔ مزید تفتیش میں یہ بھی سامنے آیا کہ مقتولہ کے بھائیوں نے سال 2024 میں اسی شخص قربان علی کو بھی قتل کیا تھا۔

چارسدہ پولیس اس افسوسناک اور پیچیدہ کیس کی تہہ تک پہنچنے میں کامیاب رہی ہے۔ یہ عمل اس بات کا ثبوت ہے کہ قانون کی گرفت سے کوئی مجرم بچ نہیں سکتا اور مظلوم کو انصاف ہر حال میں فراہم کیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں