کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیوکراچی ٹاؤن میں شہریوں کی سہولت اورمسائل کےفوری حل کےلیے چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف کی زیر صدارت آن لائن کھلی کچہری کاانعقاد کیا گیا۔خصوصی آن لائن سیشن میں واٹراینڈ سیوریج بورڈ،سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ،سوئی سدرن گیس کمپنی اورنیوکراچی ٹاؤن انتظامیہ کےمتعلقہ محکموں کےافسران بھی شریک ہوئے۔کھلی کچہری میں شہریوں کو اپنے مسائل براہِ راست چیئرمین اورافسران کےعلم میں لانےکاموقع دیا گیا، جسے عوامی حلقوں میں نہایت سراہا گیا۔آن لائن کھلی کچہری میں نیو کراچی کے مختلف علاقوں کےمکینوں نے پانی کی قلت، نکاسی آب کی خراب صورتحال، گلی محلوں میں صفائی کے ناقص انتظامات، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈکی تاخیر سے اٹھائے جانے کی وجہ سے جگہ جگہ کچرے کے ڈھیر کے حوالے سے اپنی شکایات پیش کیں۔ عوام نے اس بات کا اظہار کیا کہ متعدد باردرخواستوں اور شکایات کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے مسائل کا بروقت حل نہیں ہو پارہاہے جس کی وجہ سے عوام پریشانی سے دوچار ہیں۔ چیئرمین نیو کراچی ٹاؤن محمد یوسف نے عوامی شکایات پر فوری ایکشن لیتے ہوئے تمام محکموں کے افسران کو شکایات کا نوٹس لینے اور فوری عملدرآمد کے احکامات جاری کیے۔چیئرمین محمد یوسف نے کہا کہ نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ شہریوں کے مسائل حل کرنے کے لیے ہر ممکن اقدام کر رہی ہے اور آن لائن کھلی کچہری کا مقصد بھی یہی ہے کہ عوام بلا جھجھک اپنی شکایات آسانی سے متعلقہ محکموں تک پہنچا سکیں تاکہ ان کی شکایات پر فوری کارروائی عمل میں لائی جائے۔ اُن کا کہنا تھا کہ عوامی مسائل کا ازالہ ہماری اولین ترجیح ہے اور آئندہ بھی اس سلسلے کو جاری رکھا جائے گا تاکہ ہر شہری کو بلدیاتی سہولیات میسر آ سکیں اور مسائل کا حل ان کی دہلیز پر ممکن بنایا جا سکے۔علاقے کے معززین اور عوامی حلقوں نے چیئرمین کے اس عوام دوست اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ کھلی کچہریوں کا انعقاد بلدیاتی نظام کی شفافیت اور کارکردگی بہتر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ شہریوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اس نوعیت کی کھلی کچہریاں عوام اور بلدیاتی اداروں کے درمیان براہِ راست رابطے کا موثر ذریعہ ہیں، اور اس سے شہریوں کے دیرینہ مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل ہوں گے۔آن لائن کچہری کے دوران متعدد اہم شکایات سامنے آئیں، جن میں سیوریج لائن کی بندش، صفائی کی ابتر صورتحال، صاف پانی کی عدم دستیابی اور سوئی گیس کی بندش سرفہرست تھیں۔ ان شکایات پر چیئرمین نے فوری طور پر واٹراینڈ سیوریج بورڈ، سوئی سدرن گیس کمپنی اور سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے افسران کو موقع پر احکامات جاری کیے، جبکہ چند شکایات کا ازالہ اسی وقت کر کے متعلقہ شہریوں کو مطمئن بھی کیا گیا۔عوامی خدمت کے اس جذبے کو برقرار رکھتے ہوئے نیو کراچی ٹاؤن انتظامیہ نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ آن لائن کھلی کچہری کا یہ سلسلہ آئندہ بھی باقاعدگی کے ساتھ جاری رکھا جائے گا، تاکہ عوام کو بلدیاتی سہولیات کی فراہمی میں مزید بہتری لائی جا سکے اور ان کے مسائل بروقت حل ہوں۔ شہریوں نے چیئرمین محمد یوسف کی جانب سے عوامی مسائل کے حل کے لیے کیے گئے ان اقدامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اگر بلدیاتی نمائندے اسی جذبے سے کام کرتے رہیں تو نیو کراچی کا شمار بھی شہر کے بہتر اور سہولت یافتہ علاقوں میں ہونے لگے گا۔
41


