اسلام آباد(ایچ آراین ڈلبیو)رحیم یار خان سے تعلق رکھنے والے ریسکیو 1122 کے فرض شناس افسر ڈاکٹر عارف جنید اور ان کے کمسن بیٹے کو گزشتہ روز ایک افسوسناک ٹریفک حادثے میں جان کی بازی ہارنے کے بعد مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا۔
ڈاکٹر عارف جنید اپنے فرائض کی انجام دہی میں ہمیشہ پیش پیش رہے اور انسانی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ حادثہ اس وقت پیش آیا جب وہ اپنے بیٹے کے ہمراہ سفر پر تھے۔ افسوسناک واقعے میں دونوں موقع پر ہی شہید ہو گئے۔
نماز جنازہ چکلالہ گیریژن کے طرز پر مقامی سطح پر ادا کی گئی، جس میں ریسکیو 1122 کے افسران و اہلکاروں کے ساتھ ساتھ معزز شہریوں اور اہل علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تدفین کے موقع پر ریسکیو 1122 کے دستے نے آنسوؤں کے ساتھ سلامی پیش کی، جبکہ پروٹوکول کے تمام تقاضے مکمل احترام کے ساتھ ادا کیے گئے۔
فضا سوگوار رہی، ہر آنکھ اشکبار تھی، اور علاقہ ماتم کدہ کا منظر پیش کر رہا تھا۔ مرحوم کے اہلِ خانہ گہرے صدمے سے دوچار ہیں، جبکہ ریسکیو ادارے نے ایک عظیم کارکن، محب وطن افسر اور بے مثال انسان سے محرومی پر شدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔
ڈاکٹر عارف جنید کی ناگہانی موت ایک ایسا نقصان ہے جس کی تلافی ممکن نہیں۔ انہوں نے عوامی خدمت کو مقصدِ حیات بنایا اور اپنی جان کا نذرانہ بھی اسی راہ میں پیش کیا۔ وی او سی اردو اُن کی قربانی کو سلام پیش کرتا ہے اور دعا گو ہے کہ اللّٰہ تعالیٰ اُن کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے-


