پشاور (ایچ آراینڈبلیو) رواں سال صوبے میں ڈینگی کنٹرول کے لئے ایک اہم اور بروقت اقدام کے طور پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو ایک جامع اور قابل عمل ڈینگی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو اس سلسلے میں مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند برسوں میں ڈینگی بخار صحت عامہ کو ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس کے مؤثر کنٹرول کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشگی اور منظم اقدامات ناگزیر ہیں، ڈینگی سیزن سے پہلے منظم اور مربوط اقدامات کے ذریعے ڈینگی کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے اس لئے آنے والے سیزن میں اس مسلے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے ابھی سے تمام حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے فوری طور پر ڈینگی ایکشن پلان 2025 تیار کیا جائے۔ مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ ایکشن پلان میں تمام متعلقہ محکموں کی طرف سے اقدامات اور سرگرمیوں کا شیڈول تیار کیا جائے جس میں حفاظتی، ترویجی اور علاج معالجے سے متعلق اقدامات واضح طور پر درج کئے جائیں، پلان میں پورے سال کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا ماہوار فریم ورک مرتب کیا جائے جن میں سرویلنس، ویکٹر کنٹرول، ماحولیاتی انتظامات، آگاہی مہم ، ضروری سامان کی خریداری اور علاج معالجے سمیت تمام سرگرمیاں شامل ہوں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکشن پلان میں ان سرگرمیوں کی انجام دہی کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز کا بھی تعین کیا جائے اور تمام متعلقہ محکموں کے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کا بھی واضح کیا جائے جبکہ ایکشن پلان کے اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔


