کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی ایکسپوسینٹرمیں جاری دوروزہ پاکستان کیمیکل ایکسپو2025میں سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لو جی (SSUET) کا اسٹال شہریوں، ماہرین، صنعت کاروں اور طلبہ کی توجہ کا مرکز بنا رہا۔سرسید یونیورسٹی کے باصلاحیت طلبہ کی جانب سےتیارکیےگئےجدید سائنسی اورتخلیقی پروجیکٹس نے نمائش میں شریک افراد کو بے حد متاثر کیا، جن میں ماحول دوست سینٹرل مینجمنٹ سسٹم،، جدید ڈیوائسسز اور صنعتی استعمال کے قابل ٹیکنالوجیکل حل شامل تھے۔
ٍٍسرسیدیونیورسٹی کے چانسلر اکبر علی خان نے مسز ارم اکبر علی خان، ڈاکٹر جعفر نذیر عثمانی اور رجسٹرار سید سرفراز علی کے ہمراہ نمائش کے پہلے روز اسٹال کا دورہ کیا اور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں اور تحقیقی سرگرمیوں کو سراہا۔اس موقع پر سرسید یونیورسٹی کے چانسلر محمد اکبر علی خان نے پاکستان کیمیکل مینوفیکچرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین ہارون علی خان کو سرسید یونیورسٹی کا نشان پیش کیا۔ہارون علی خان کی ایکسپو میں سرسید یونیورسٹی کے اسٹال پر موجودگی سرسید یونیورسٹی کے طلباء کی ہمت افزائی کا باعث بنی۔
ہارون علی خان نے کہا کہ جدید کیمیکلز کی تحقیق کے ذریعے صنعت کی ترقی کے نئے راستے کھلتے ہیں۔نمائش کا بنیادی مقصد نئی سوچ اور انوویشن کو فروغ دینا ہے۔نمائش میں شریک افراد کو نیٹ ورکنگ کا بہترین موقع ملتا ہے۔ چانسلر اکبر علی خان نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہےکہ ہمارے طلبہ نےعلمی سرگرمیوں کےساتھ ساتھ عملی پروجیکٹس میں بھی غیرمعمولی صلاحیتوں کامظاہرہ کیاہے۔
طلباء کے پروجیکٹس ان کی علمی اور تخلیقی صلاحیتوؓں کا مظہر تھے۔کیمکل ایکسپو میں شرکت سے نہ صرف انھیں سیکھنے کا موقع ملتا ہے بلکہ یہ نمائش صنعت و تعلیم کے درمیان ایک اہم رابطے کا کام بھی کررہی ہے۔ ہمیں اپنے نوجوانوں پر فخر ہے جو اپنے علم اور تخلیقی صلاحیتوں کی بنیاد پرپاکستان کے بہترین مستقبل کی بشارت دے رہے ہیں۔
کیمیکل ایکسپو کے چیف آرگنائزر عدیل خان نے کہا کہ کیمیکل ایکسپو مختلف جامعات کے طلباء کو یہ موقع فراہم کرتی ہے کہ وہ اپنے پروجیکٹس ماہرین، انڈسٹریز کے نمائندں و دیگر لوگوں کے سامنے پیش کرسکیں۔اس طرح انھیں اپنے پروجیکٹس کو تجارتی بنیادوں پر تیار کرنے کے لئے خاطرخواہ مدد اور تعاون حاصل کرنے میں آسانی ہوجاتی ہے۔۔
مسز اکبر علی خان کا کہنا تھا کہ ہم عصرِ حاضر کے تقاضوں کے مطابق سرسید یونیورسٹی کو ترقی کی بلندیوں پر لے جانا چاہتے ہیں تاکہ ہماری جامعہ بین الاقوامی معیار کے مطابق جدید تخلیقی و علمی سرگرمیوں سے ہم آہنگ ہوسکیں۔سرسید یونیورسٹی نہ صرف تدریس بلکہ شخصیت سازی اور تربیت کا بھی ایک ا ہم مرکز ہے۔
یونیورسٹی کے رجسٹرار سید سرفراز علی نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کے تیار کردہ پروجیکٹس اس بات کا ثبوت ہیں کہ ہمارے تعلیمی ادارے تحقیق اور اختراع کے میدان میں آگے بڑھ رہے ہیں۔ ایسی سرگرمیاں نہ صرف طلبہ کے اعتماد میں اضافہ کرتی ہیں بلکہ ان کے لیے مستقبل میں کارآمد مواقع بھی پیدا کرتی ہیں۔ سرسید یونیورسٹی ہمیشہ انٹریکٹو اور انڈسٹری لنکڈ لرننگ کو فروغ دیتی رہے گی۔


