55

نیوکراچی سیکٹرالیون ڈی پلے گراؤنڈمیں لگنے والے کاربازارکیخلاف عوام سراپا احتجاج

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)نیوکراچی سیکٹر الیون ڈی پلے گراونڈ میں لگنے والے کار بازار اور بدھ بازار کے خلاف عوام سراپا احتجاج-اس ضمن میں معیار نیوز گزشتہ شمارہ جات میں بھی انتظامیہ کو نشاندہی کراچکا ہے-عوام سراپا احتجاج ہے کہ گزشتہ ادوار میں ایس ٹی پلاٹوں اور پلے گراونڈ کو چائنہ کٹنگ کے نام پر ہضم کرلیا گیا-

جوکچھ بچےکچھےرہ گئے اس پر بازار مافیا قابض ہے، مستقبل کے معماروں کو کھیل کود کے لئے میدان بھی میسر نہیں-کچھ مافیاز کی جانب سے اداروں کو کرپشن کی چادر اوڑھا کر اجارہ داری قائم کرکے کھیل کود کے میدان پر قبضہ کیا گیا ہے-بچوں کے کھیل کود کا میدان نہ ہوا بدنیت افسران کے لئے نوٹوں کی منڈی ہوگئی، جب دل چاہے جو چاہے پلے گراونڈ پر این او سی دے دی جاتی ہے-

ڈپٹی کمشنر ضلع وسطی،ایس ایس پی ضلع وسطی اوردیگرافسران افسرشاہی کےمزے لیتےہوئے صرف تماشبین کا کردارادا کرتےہیں-گزشتہ کئی سالوں سے عوام اس پر احتجاج کر رہی ہے اور معیار نیوز بھی عوام کی آواز کو اجاگر کرنے کے لئے اپنے اخبار میں بذریعہ اشاعت اس کی نشاندہی کئی بار کروا چکا ہے-

عوام کا کہنا تھا کہ بچوں کے کھیل کود کی سرگرمیاں متاثر ہیں، کھیل کود کے میدان کمیاب ہوتے جارہے ہیں، بچے سڑکوں پر کھیلیں تو موت بانٹتے ڈمپرز کا خوف الگ طاری رہتا ہے-عوام اور بچوں کی جانب سے کار بازار نامنظور، بدھ بازار نامنظور کے بلند و بانگ نعرے شائد افسر شاہی سننے سے قاصر ہو کیونکہ مافیا کی جانب سے آنکھوں پر نوٹوں کا پردہ اور کانوں میں نوٹوں کی گڈیاں ٹھونس دی جاتی ہیں تاکہ عوام کی تکالیف اور آہ و بکا دیکھنے اور سننے سے قاصر رہے سکیں-

اہل علاقہ نے کمشنر کراچی، ڈائریکٹر پارک، ایس ایس پی وسطی، ڈپٹی کمشنر وسطی سے اپیل کی ہے کہ نیوکراچی سیکٹر الیون ڈی میں کھیل کود کے میدان کو بحال کیا جائے اور بازار مافیا کا قبضہ واگزار کرایا جائے-کبھی جانوروں کی منڈی، کبھی کار بازار، کبھی بدھ بازار کے نام پر مستقل اس پلے گراونڈ پر مافیا قابض ہے جس کی سرپرستی اداروں میں موجود چند کالی بھیڑیں بڑی کرپشن کے عوض کر رہی ہیں-

اپنا تبصرہ بھیجیں