کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)چیئرمین کورنگی ٹاؤن، محمد نعیم شیخ نے کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کاٹی) کے صدر جنید نقی سے ملاقات کی، جس میں خصوصی افراد کے لیے روزگار کے مواقع فراہم کرنے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں نائب صدر طارق حسین ، صدر پی ایس 124 ڈاکٹر طاہر ، پیپلز یوتھ پی ایس 95 کے صدر وقار لودھی ، صدر یوسی 35 کاشف گھپچانی اور ٹی ایم سی کورنگی کے افسران بھی موجود تھے ۔
ملاقات کےدوران چئیرمین کورنگی ٹاون محمد نعیم شیخ نے کاٹی کی جانب سے صنعتی ترقی اور علاقے کی فلاح و بہبود کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خصوصی افراد کو معاشرے کا فعال حصہ بنانے کے لیے انہیں مناسب روزگار کے مواقع فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کاٹی سے درخواست کی کہ وہ اپنی رکن صنعتوں میں خصوصی افراد کے لیے ملازمتیں مختص کرنے پر غور کرے۔
کاٹی کے صدر جنید نقی نے چیئرمین کورنگی ٹاؤن کے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ کاٹی ہمیشہ سے سماجی ذمہ داریوں کو اہمیت دیتی رہی ہے اور خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے لیے بھرپور تعاون کرے گی۔ انہوں نے یقین دلایا کہ کاٹی خصوصی افراد کے لیے روزگار کے مواقع پیدا کرنے اور انہیں تربیت فراہم کرنے کے حوالے سے اپنی رکن صنعتوں سے مشاورت کرے گی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ کورنگی ٹاؤن میں خصوصی افراد کی فلاح و بہبود اور انہیں معاشرے کا کارآمد شہری بنانے کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھیں گے۔


