کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)سلیم واحدی آڈیٹوریم ڈی ایل برانچ کلفٹن میں ڈی ایس پیز کے اعزاز میں پروقار تقریب برائے تنصیبِ رینک کا انعقاد کیا گیا۔ جس میں وزیر داخلہ سندھ ضیاء الحس لنجار نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر داخلہ،آئی جی سندھ اور ایڈیشنل آئی جی کراچی نے 90 ڈی ایس پیز کو عہدے میں ترقی کے رینک لگائے۔
وزیر داخلہ سندھ نے اپنے خطاب میں کہا کہ آپ لوگوں کی ترقی اس امر کی غماز ہیکہ خدمت خدمت اور صرف خدمت کو آپ اپناشعار بنائیں کیونکہ آپ تمام کا ایک طویل سروس کیریئر اور پولیسنگ کا وسیع تجربہ ہے لہذا اب اپنے تجربات سے استفادہ کرنا اور دوران فرائض مفاد عامہ کو ترجیح دینا آپ کا کام ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عوام جرائم کے خلاف شکایات کے لیئے پولیس کی جانب دیکھتی ہے جبکہ کیسز کی تفتیش تحقیق اور چھان بین یقینی کامیابی کا دارومدار آپکی پیشہ وارانہ صلاحیت و استعداد پر ہے۔ان کا کہنا تھا کہ میں آج اس تقریب کے توسط سے ترقی پانیوالے تمام ڈی ایس پیز کو مبارکباد اور نیک تمناؤں کا پیغام دیتا ہوں،آپ فیلڈ میں جائیں کام کریں عوام آپکی منتظر ہے انہوں نے کہا محکمانہ پروموشن کا کریڈٹ آئی جی کو جاتا ہے کہ جنہوں نے قائدانہ صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے محکمانہ ترقی کا ایک شفاف اور غیرجانبدارانہ میکنزم تشکیل دیا۔
آپکا کام امن وامان کو حالات کو کنٹرول میں رکھنا اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا ہےعلاوہ اذیں دوران فرائض آپ نے لوگوں کی امیدوں پر پورا اترنا ہے اور خدمت کرنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں اسٹریٹ کرائم،دہشت گردی جبکہ کچہ ایریاز میں ہنی ٹریپ،آغواء برائے تاوان سے نمٹنا سندھ پولیس کی ترجیحات اور فرائض منصبی کا تقاضہ ہے علاوہ اذیں ٹاسک فورس صوبے بھر میں منشیات کے خلاف کام کررہی ہے تاہم منشیات اور جرائم کے خلاف آپکو بھی حصہ لینا ہے اور جنگی بنیاد پر کام کرنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس منشیات کے خلاف سنجیدگی سے کام کرے اور ایسے جرائم کے خلاف اپنی کامیابیوں کے گراف کو مذید اوپر لیکر جائے یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہیکہ حکومت سندھ نے ہیلتھ کارڈ کی سہولت جو کی اشد ضروری تھی سندھ پولیس کو فراہم کردی ہے تاہم پولیس ملازمین کے بچوں کو بہتر اور معیاری تعلیم کی فراہمی کے لیئے بھی حکومت سندھ تمام تر اقدامات کو یقینی بنارہی ہے۔علاوہ اذیں پولیس لائنز کی تزئین و آرائش جیسے اقدامات کا آغاز بھی جلد کیا جائیگا۔
آئی جی سندھ نے کہا کہ غیرجانبدارانہ اور میرٹ پر ترقی سے نوازنا سندھ پولیس کا ایک اعزاز جبکہ محکمانہ ترقی کا یہ عمل انتہائی مؤثر اور مربوط میکنزم ہونیکے ساتھ ساتھ آزاد اور خودمختار بھی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سینیئر افسران کی سینیارٹی لسٹ کی ترتیب میں شفافیت اور میرٹ کو ترجیح دی جاتی ہے جبکہ فہرست کی حتمی ترتیب سے قبل مشاورت اور تجاویز کو بھی لازمی بنایا جاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں ترقی پانیوالے تمام ڈی ایس پیز کو مبارکباد دیتے ہوئے حکومت سندھ کو یہ تجویز دیتا ہوں کہ ڈی پی سی سال میں دو مرتبہ ترقی کے حوالے سے اپنی حتمی تجاویز پر مشتمل فہرست برائے منظوری و توثیقی اقدامات ترتیب دے۔انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کی مہربانی ہیکہ وہ سندھ پولیس کے ملازمین کو میڈیکل کی مد ڈھائی تین بلین دے رہی ہے جس پر میں تہہ دل سے حکومت سندھ کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔


