کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)متحدہ علماء محاذ پاکستان کے بانی سربراہ مولانا محمدامین انصاری نے اپنی زیر صدارت ایران پر امریکی حملے کے خلاف احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ایران پر امریکی حملے کی شدید مذمت کی ہے اور اسے کھلی دہشتگردی ،ایران کی آزادی و خود مختاری اور بین الاقوامی قوانین کے خلاف وحشیانہ اقدام قرار دیا ہے ۔ امریکہ غزہ فلسطین میں اسرائیلی جارحیت کا کھل کر ساتھ دینے کے بعد اب اسرائیل ایران جنگ میں بھی فریق بن کر ایران کی جوہری تنصیبات پر مجرمانہ حملوں کا مرتکب ہوا ہے۔ امریکہ اسرائیل مل کر گریٹر اسرائیل کے مذموم خوفناک منصوبے کی تکمیل کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ ایران پر اسرائیلی امریکی جارحیت کی جنگ اب صرف ایران کی جنگ نہیں رہی بلکہ کفر و اسلام کی جنگ ہے۔ احتجاجی اجلاس کی قرارداد میں مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا گیا کہ ایران پر امریکی حملہ عالم اسلام پر حملہ ہے پاکستان سمیت مسلم حکمران طاغوتی، استعماری، استبدادی شیطانی قوتوں کیخلاف برادر اسلامی ملک ایران کا ہر سطح پر کھل کر ساتھ دیں ۔حکومت پاکستان کے ساتھ ساتھ پاکستان کے علماء ،غیور عوام ایران کے ساتھ ایک پیج پر ہیں۔امریکہ نے ایران کے خلاف اسرائیلی جنگ میں شریک ہو کر اسلام و ملت اسلامیہ کے خلاف طبل جنگ بجا دیاہے۔اب تمام مسلم ممالک کو پاکستان کی طرح اپنے دین و ایمان کے تحفظ اور ملکی بقاء و دفاع کیلئے ایٹمی قوت بننے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل تشکیل دینا چاہئے۔ایران کو اپنے دفاع وتحفظ کیلئے جوہری ایٹمی قوت بننے کا پورا حق حاصل ہے ۔احتجاجی اجلاس سے مرکزی سینئر وائس چیئر مین علامہ محمد حسین مسعودی ، مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی، مرکزی نائب صدر علامہ ڈاکٹر پروفیسر سید شمیل احمد قادری حنبلی ، محاذ کے صوبائی صدر شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، مرکزی نائب صدر صاحبزادہ علامہ منظرالحق تھانوی، پاک سول سولجر سندھ کے رہنما مولانا مفتی وجیہہ الدین، علامہ ڈاکٹر شاہ فیروز الدین رحمانی، محاذ کے قانونی مشیر ناصر احمد ایڈووکیٹ ہائیکورٹ،پاکستان نظریاتی پارٹی اور محاذ سندھ کے رہنما مولانا مفتی محمد ابراہیم چترالی، ممتاز سینئر صحافی سید محمد عاصم شیروانی، محاذ کے صوبائی رہنما مولانا قاری محمد اقبال رحیمی، سواد اعظم اہلسنت یوتھ فورس کراچی کے صدر مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک و دیگر ایران پر امریکی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایران سے یکجہتی کا اظہارکیا۔ اجلاس کے اختتام پر مولانا محمدامین انصاری نے فلسطین ،کشمیر ،ایران ،شام ،لبنان ،عراق سمیت پاکستان کی امن و سلامتی اور افواج پاکستان کی کامیابی کیلئے خصوصی دعاکرائی۔
60


