ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پرکریک ڈاؤن، 1836 چالان، 11 لاکھ سے زائد جرمانے

سیالکوٹ (ایچ آراین ڈبلیو)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن “سیف پنجاب” کے تحت ٹریفک پولیس سیالکوٹ نے قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن تیز کر دیا ہے۔ ڈی پی او سیالکوٹ کے احکامات کی روشنی میں ڈی ایس پی ٹریفک مدثر صدیق کی سربراہی میں مختلف مقامات پر کارروائیاں عمل میں لائی گئیں جن میں خطرناک ڈرائیونگ، انکروچمنٹ، کم عمر ڈرائیورز اور دیگر ٹریفک خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔

کارروائیوں کے دوران بائیس افراد کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ اور تجاوزات پر مقدمات درج کیے گئے جبکہ کم عمر ڈرائیونگ کے 134، بغیر لائسنس ڈرائیونگ کے 208، تیز رفتاری کے 114، اوور لوڈنگ کے 253 اور ون وے کی خلاف ورزی پر 116 چالان کیے گئے۔ مجموعی طور پر 1836 چالان کیے گئے جن کے نتیجے میں 11 لاکھ 39 ہزار 100 روپے جرمانہ وصول کر کے سرکاری خزانے میں جمع کروا دیا گیا۔

ڈی ایس پی ٹریفک مدثر صدیق کا کہنا تھا کہ ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، اور قانون کی عملداری ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ سیف پنجاب کے ویژن کے تحت شہریوں کی جان و مال کے تحفظ کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے۔

شہریوں نے ٹریفک پولیس کی ان کارروائیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف قانون کی پاسداری کو فروغ دیتے ہیں بلکہ ٹریفک نظم و ضبط میں بہتری کا باعث بھی بنتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں