اسلام آباد (ایچ آراینڈبلیو) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی نے پھر زور سے سراٹھایا ہے، جب تک مکمل طور پر امن قائم نہیں ہوگا، ترقی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا۔
وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ جاری ہے، ہر روز پولیس اور افواج پاکستان کے افسران و جوان قربانیاں دے رہے ہیں، ان عظیم قربانیوں کو ہمیشہ رہتی دنیا تک یاد رکھنا ہوگا۔
قبل ازیں وزیراعظم نے کہاکہ کابینہ میں توسیع کے بعد یہ پہلا باضابطہ اجلاس ہے، امید ہے نئے وزرا کی شمولیت سے حکومت کی کاکردگی میں بہتری آئی گے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ہمارا میکرو پروگرام ایک مستحکم پروگرام ہے، اب ہمیں ملک کی ترقی کی طرف دوڑ لگانی ہے، معاشی ترقی سے براہ راست تعلق رکھنے والی وزارتیں اب عوام کی نظروں میں ہوں گی، معاملات تسلی بخش اور احسن طریقے سے آگے بڑھ رہے ہیں۔


