لاہور(یچ آراین ڈبلیو) تھانہ ڈیفنس بی پولیس نے آن لائن فراڈ میں ملوث ملزمان کو گرفتار کر لیا، جو OLX اور دیگر ویب سائٹس کے ذریعے شہریوں کو دھوکہ دے کر قیمتی موبائل فون اور دیگر اشیاء ہتھیا لیتے تھے۔
پولیس کے مطابق ملزمان شہریوں سے آن لائن رابطہ کر کے انہیں مختلف علاقوں میں لوکیشن پر بلا لیتے تھے، جہاں موبائل یا دیگر سامان چیک کرنے کے بہانے اپنے قبضے میں لے کر فرار ہو جاتے تھے۔ بعض واقعات میں شہریوں کو ہراساں اور لوٹنے کے بھی شواہد سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق حالیہ کیس میں مدعی غلام رسول سے آئی فون (مالیت 237,000 روپے) دھوکہ دہی سے حاصل کیا گیا، جس پر تھانہ ڈیفنس بی میں مقدمہ درج کیا گیا۔ بعد ازاں متاثرہ شہریوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملزمان کو ٹریس کیا، سوشل میڈیا (انسٹاگرام) اور متعلقہ افراد کی مدد سے ان کی نشاندہی کی اور انہیں پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ ان سے دیگر وارداتوں کا بھی انکشاف ہوگا۔ شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ آن لائن خرید و فروخت کے دوران احتیاط برتیں اور غیر محفوظ مقامات پر لین دین سے گریز کریں۔
رپورٹ کے مطابق ملزمان گزشتہ کئی عرصے سے لاہور کے مختلف علاقوں میں اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ مزید متاثرین کی تلاش بھی جاری ہے۔


