کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی میں کم عمر بیٹیوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران پولیس نے دونوں لڑکیوں کو عدالت میں پیش کر دیا۔
سماعت کے دوران پولیس نے عدالت کو بتایا کہ ایک لڑکی نے قربان نامی شخص سے شادی کر لی ہے۔ درخواست گزار کے وکیل بشریٰ عباس ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ بڑی لڑکی بے بو کی عمر 14 سال ہے اور اسے قربان نامی شخص نے اغوا کیا، جبکہ وہ اپنے ساتھ اپنی 6 سالہ بہن علینا کو بھی لے گئی۔
عدالت میں سماعت کے دوران بچیوں کے والد حیات اللہ آبدیدہ ہو گئے اور کہا کہ وہ اپنی بیٹیوں کو دیکھنے کے لیے ترس رہے ہیں۔ دوسری جانب لڑکی بے بو نے عدالت میں بیان دیا کہ اس نے اپنی مرضی سے شادی کی ہے اور اس کے والد اس پر ظلم کرتے تھے۔
عدالت نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ لڑکی کا بیان باقاعدہ ریکارڈ کیا جائے۔ سماعت کے بعد احاطۂ عدالت میں والد نے بیٹیوں سے ملنے کی کوشش کی، تاہم دونوں لڑکیوں نے اپنے والد سے ملنے سے انکار کر دیا۔ مقدمے کی مزید سماعت بعد میں ہوگی۔


