24

درخشاں پولیس کا ڈاکوؤں سے مقابلہ، فائرنگ کے تبادلے کے بعد 2 ملزمان گرفتار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی پولیس کے تحت درخشاں پولیس نے دورانِ گشت عربی محل کے قریب مشتبہ ملزمان سے مقابلے کے بعد دو ڈاکوؤں کو گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گشت کے دوران ملزمان سے آمنا سامنا ہوا تو پولیس کو دیکھتے ہی انہوں نے فرار ہونے کی نیت سے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی۔ پولیس کی جانب سے بروقت جوابی کارروائی کی گئی، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں جبکہ اس کا ساتھی بلا ضرب گرفتار کر لیا گیا۔

زخمی حالت میں گرفتار ملزم کی شناخت راشد ولد رؤف کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم عمر ولد اویس ہے۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے ایک عدد 30 بور پستول، موبائل فونز، موٹر سائیکل اور چھینی گئی نقد رقم برآمد کر لی۔

پولیس حکام کے مطابق زخمی ملزم کو فوری طور پر علاج معالجے کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، جبکہ دوسرے گرفتار ملزم کو مزید قانونی کارروائی کے لیے تھانے منتقل کیا گیا۔ دونوں ملزمان کے خلاف ضابطے کے تحت مزید کارروائی جاری ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں