کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کراچی پولیس کی انویسٹیگیشن پولیس سرجانی نے کامیاب کارروائی کرتے ہوئے لڑکی کو اغوا کرنے اور اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دینے والے ملزم کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت اسماعیل ولد عبدالسعید کے نام سے ہوئی ہے، جو عرصہ دراز سے متاثرہ لڑکی کے اہلِ خانہ کو جان سے مارنے کی دھمکیاں دے رہا تھا۔ ملزم نے کئی مرتبہ گھر میں گھس کر اسلحہ کے زور پر لڑکی کو اغوا کرنے کی کوشش بھی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف سرجانی ٹاؤن تھانے میں اغوا اور دھمکی دینے کے الزامات کے تحت مقدمہ الزام نمبر 365/511 درج کیا گیا تھا۔ ملزم انتہائی شاطر اور چالاک تھا، جو بھیس بدل کر اپنے چچا کے گھر میں چھپا ہوا تھا، تاہم پولیس نے ٹیکنیکل بنیادوں پر کارروائی کرتے ہوئے اسے گرفتار کر لیا۔
تحقیقات میں یہ بھی سامنے آیا ہے کہ ملزم اورنگی ٹاؤن میں بھی لڑکی کو ہراساں کرنے میں ملوث رہا، جس پر ڈی آئی جی ویسٹ کو درخواست جمع کروائی گئی تھی۔
پولیس حکام کے مطابق گرفتار ملزم کے دیگر سہولت کاروں کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے، جنہیں جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ایسے عناصر کے خلاف فوری اطلاع دے کر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے تعاون کریں۔


