اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ کرپا کی حدود میں پیش آنے والے دلخراش واقعے میں 14 سالہ لڑکی کو مبینہ اغواء اور زیادتی کا نشانہ بنانے والے تین ملزمان کو پولیس نے گرفتار کر لیا جبکہ متاثرہ بچی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا گیا۔
پولیس کے مطابق گلبرگ گرین کی رہائشی 14 سالہ لڑکی گھر میں معمولی گھریلو ناراضگی کے بعد گھر سے نکل آئی۔ سڑک پر آنے کے بعد اس نے ایک نجی گاڑی سے لفٹ لی، تاہم گاڑی کے ڈرائیور نے اسے منزل پر پہنچانے کے بجائے اسلام آباد کے علاقے جھنگی سیداں لے جا کر اپنے دو ساتھیوں کے ہمراہ مبینہ طور پر پوری رات درندگی کا نشانہ بنایا۔
متاثرہ خاندان کی درخواست پر تھانہ کرپا پولیس نے فوری طور پر مقدمہ درج کیا۔ سیف سٹی کیمروں اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گاڑی کو ٹریس کیا گیا، جس کے بعد پولیس نے برق رفتاری سے کارروائی کرتے ہوئے 24 گھنٹوں کے اندر متاثرہ لڑکی کو بازیاب کرا لیا اور واقعے میں ملوث تینوں ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ایس ایچ او تھانہ کرپا مظہر سیال کے مطابق اعلیٰ حکام کی ہدایت پر سب انسپکٹر ریاض نون کی زیر نگرانی خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی، جس نے دن رات محنت اور سیف سٹی فوٹیجز سمیت تمام دستیاب وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کامیاب کارروائی کی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان اس وقت جسمانی ریمانڈ پر ہیں اور ان سے مزید تفتیش جاری ہے۔ تفتیش مکمل ہونے پر ملزمان کو ٹھوس شواہد کے ساتھ عدالت میں چالان کیا جائے گا۔


