کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)تھانہ کورنگی پولیس نےسوشل میڈیا پروائرل ہونے والی ہوائی فائرنگ کی ویڈیو پر فوری ایکشن لیتے ہوئے کارروائی کی اور ہوائی فائرنگ میں ملوث ملزم کو اسلحہ سمیت گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد طہٰ ولد محمد شعیب کے نام سے ہوئی ہے۔ ملزم کے قبضے سے ہوائی فائرنگ میں استعمال ہونے والا 30 بور پستول اور چار راؤنڈز برآمد کر لیے گئے ہیں۔
ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے ہوائی فائرنگ کرنے کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ ویڈیو میں نظر آنے والے دیگر افراد کے حوالے سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس حکام کے مطابق ہوائی فائرنگ ایک انتہائی خطرناک عمل ہے جس سے شہریوں کی جان و مال کو شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں، ایسے عناصر کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ گرفتار ملزم کو مزید تفتیش کے لیے شعبہ تفتیش کے حوالے کر دیا گیا ہے۔


