منشیات فروشوں کے خلاف بڑی کارروائی، دو مرکزی ڈیلرز گرفتار

نواب شاہ(ایچ آراین ڈبلیو)ضلع شہید بینظیر آباد (نواب شاہ) میں پولیس نے منشیات کے مبینہ بڑے نیٹ ورک کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے دو اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔تفصیلات کے مطابق ایس ایس پی سمیر نور چنہ کی ہدایت پر تھانہ ایئرپورٹ، بی سیکشن اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بدنام زمانہ ڈیلرز ذاکر بلوچ اور عابد لاکھو کو گرفتار کیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان شہر میں منشیات کے مستقل اڈے چلانے میں ملوث تھے اور ان کے خلاف مختلف نوعیت کی شکایات موصول ہو رہی تھیں۔

ذرائع کے مطابق ایک ملزم ذاکر بلوچ کی گرفتاری کو پولیس نے ”رنگے ہاتھوں“ قرار دیا ہے، تاہم ابتدائی پریس ریلیز میں برآمدگی اور ایف آئی آر کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔

اسی طرح دوسرے ملزم عابد لاکھو کے خلاف مقدمہ سندھ گٹکا ایکٹ کے تحت درج کیا گیا ہے، جبکہ منشیات سے متعلق تفصیلات اور برآمدگی کے اعداد و شمار مکمل طور پر جاری نہیں کیے گئے۔

اس صورتحال پر قانونی ماہرین اور شہری حلقوں نے سوالات اٹھائے ہیں کہ آیا کمزور دفعات اور غیر واضح چالان کے باعث ملزمان کو قانونی فائدہ مل سکتا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دونوں کیسز کی مزید تفتیش جاری ہے اور شواہد کی بنیاد پر قانونی کارروائی کو آگے بڑھایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں