کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)کچھ روز قبل تھانہ میمن گوٹھ کی حدود میں ملک شاپ پر مسلح ملزمان کی جانب سے ڈکیتی کی واردات کے بعد فرار ہونے والے ملزمان کے خلاف ملیر کینٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان اسلحے کے زور پر دکان سے 10 لاکھ روپے کی رقم لوٹ کر فرار ہوئے تھے۔ اسی دوران انہوں نے ایک شہری سے اسلحے کے زور پر 125 موٹر سائیکل بھی چھینی تھی۔گرفتار ملزمان کی شناخت نظام الدین اور گلزار احمد کے ناموں سے ہوئی ہے، جن کا تعلق ایک سرگرم ڈکیت گینگ سے بتایا جا رہا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان کے قبضے سے 2 پستول بمعہ ایمونیشن، ایک 125 موٹر سائیکل جو دوران واردات چھینی گئی تھی، اور 11 موبائل فونز برآمد کیے گئے ہیں۔ برآمد ہونے والی موٹر سائیکل تھانہ میمن گوٹھ کی حدود سے سرقہ شدہ نکلی۔
حکام کے مطابق گرفتار ملزمان کراچی شہر میں مختلف اسٹریٹ کرائمز کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں، جبکہ ملزم نظام الدین عادی جرائم پیشہ ہے جو پہلے بھی گرفتار ہو کر جیل جا چکا ہے۔پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید تفتیش کا آغاز کر دیا ہے۔


