کراچی(ایچ آراین ڈبلیو)پاکستان رینجرز (سندھ) نے خفیہ معلومات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے رشید آباد کراچی سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث “ہزارہ گینگ” کے 3 اہم ملزمان کو گرفتار کر لیا۔
ترجمان کے مطابق گرفتار ملزمان میں گینگ کا سرغنہ زوہیب شاہ عرف بابو ولد خالد شاہ، شہریار عرف موٹا ولد چند شاہ اور عطاالرحمن عرف مسیت ولد زبیر احمد خان شامل ہیں۔ ملزمان کے قبضے سے 3 موبائل فونز اور نقدی بھی برآمد کی گئی ہے۔
رینجرز حکام کے مطابق گرفتار افراد کراچی کے مختلف علاقوں میں موٹر سائیکل چوری، موبائل فون اور نقدی چھیننے کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ ابتدائی تفتیش میں ملزمان نے اعتراف کیا ہے کہ وہ گزشتہ 3 سال سے سرگرم ہیں اور ماہانہ بنیادوں پر متعدد وارداتیں کرتے رہے ہیں۔
انکشاف کے مطابق ملزمان روزانہ کی بنیاد پر 4 سے 6 موبائل فون اور 40 سے 50 ہزار روپے نقدی چھیننے یا چوری کرنے میں ملوث رہے، جبکہ چوری شدہ موٹر سائیکلیں اور موبائل فون سستے داموں فروخت کر دیے جاتے تھے۔
رینجرز کے مطابق ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ گرفتار افراد کو مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر سے متعلق معلومات قریبی رینجرز چیک پوسٹ یا ہیلپ لائن 1101 پر فراہم کریں، اطلاع دینے والے افراد کا نام صیغہ راز میں رکھا جائے گا۔


