سندھ ہائیکورٹ کا ڈاکٹروں کی بھرتی میں اہم فیصلہ، تمام امیدوارانٹرویو کے اہل قرار

کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) سندھ ہائیکورٹ نے سندھ پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام 18 گریڈ ڈاکٹروں کی بھرتی کے معاملے میں اہم فیصلہ سناتے ہوئے تمام اہل امیدواران کو انٹرویو کے لیے بلانے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

معاملہ اس وقت عدالت میں پہنچا جب ایف سی پی ایس پوسٹ گریجویٹ اور ایم فل ڈگری رکھنے والے کئی امیدواروں کو امتحان میں اچھے نمبر حاصل کرنے کے باوجود انٹرویو کے لیے نہیں بلایا گیا۔ درخواست گزاروں کے وکیل صولت رضوی نے عدالت میں موقف پیش کیا کہ ان کے موکلوں کے ساتھ امتیازی سلوک کیا گیا ہے۔

سندھ ہائیکورٹ نے ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے رجوع کیا، جس نے واضح کیا کہ تمام امیدوار انٹرویو کے اہل ہیں کیونکہ ان کے ڈپلومہ مکمل ہیں اور وہ ماسٹرز ڈگری حاصل کرنے کے اہل ہیں۔

عدالت نے ایچ ای سی کے جواب کو مدنظر رکھتے ہوئے درخواستیں نمٹاتے ہوئے فیصلہ جاری کیا کہ تمام اہل امیدواران کو انٹرویو کے لیے بلایا جائے۔ اس مقدمے میں سیکریٹری صحت، ایچ ای سی اور دیگر متعلقہ اداروں کو فریق بنایا گیا تھا۔

یہ فیصلہ ڈاکٹروں کی بھرتی کے عمل میں شفافیت اور انصاف کے اصولوں کو یقینی بنانے کی سمت میں ایک اہم قدم قرار دیا جا رہا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں