پاکستان میں موسم کے حوالے سے خوشخبری

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو) پاکستان میں موسم کے حوالے سے خوشخبری سامنے آئی ہے، جس کے مطابق ملک بھر میں گرمی کی متوقع لہر کا امکان ختم ہو گیا ہے اور آئندہ دنوں میں بارشوں کی پیشگوئی کی جا رہی ہے۔

ماہرین موسمیات کے مطابق “ایم جے او” (Madden-Julian Oscillation) کا رجحان پاکستان کے حق میں ہو چکا ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔ ابتدائی موسمی تجزیوں کے مطابق، ملک کے مختلف حصوں میں بارشوں کے امکانات بڑھ گئے ہیں، جو درجہ حرارت میں کمی لانے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

پاکستان محکمہ موسمیات کے حالیہ تجزیے کے مطابق، اپریل کے دوران ملک کے جنوبی علاقوں میں معمول کے مطابق بارشیں ہو سکتی ہیں، جبکہ شمالی علاقوں میں قدرے کم بارشیں متوقع ہیں۔ تاہم، مجموعی طور پر درجہ حرارت میں اضافے کے خدشات موجود ہیں، خاص طور پر خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کے علاقوں میں۔

دوسری جانب، محکمہ موسمیات کی ہفتہ وار پیش گوئی میں کہا گیا ہے کہ 2 سے 8 اپریل کے دوران ملک کے بیشتر حصوں میں موسم خشک اور گرم رہے گا، جبکہ بعض میدانی علاقوں میں درجہ حرارت معمول سے 2 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہو سکتا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور تازہ ترین موسمی صورتحال جاننے کے لیے محکمہ موسمیات کی جاری کردہ معلومات پر نظر رکھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں