اسلام آباد (ایچ آراین ڈبلیو) وفاقی کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمت میں کمی کا فائدہ بجلی صارفین کو دینے کی منظوری دے دی۔
بدھ کو وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے آئی ایم ایف معاہدے اور 1.3 ارب ڈالر فنڈنگ پر اظہار اطمینان کیا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے کہا کہ آئی ایم ایف نے پاکستانی معیشت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، آئی ایم ایف کے ساتھ 7 ارب ڈالرز کے پہلے اسٹاف لیول معاہدے کا ریویو مکمل ہو چکا ہے، پاکستان میں افراط زرکم ترین سطح پر ہے، معیشت میں بہتری آئی ہے۔
اجلاس میں کابینہ نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ بجلی صارفین کو دینے کی منظوری دی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے بیگاس پاور پلانٹس کے معاہدوں پر نظرثانی اور وسل بلور پروٹیکشن ایکٹ 2025 کی اصولی منظوری دے دی۔
اعلامیے کے مطابق وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے نجکاری کے 11 مارچ ای سی سی کے 13 اور 21 مارچ کے فیصلوں کی توثیق کر دی۔
اجلاس میں سولرنیٹ میٹرنگ ریگولیشنز پر مزید مشاورت کے بعد سفارشات دوبارہ کابینہ میں پیش کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔


