کراچی(ایچ آراین ڈبلیو) متحدہ علماء محاذ پاکستان کے زیر اہتمام امیر المومنین ،فاتح خیبر باب العلم سیدنا مولیٰ علی المرتضیٰ کے یوم شہادت پربانی سیکریٹری جنرل مولانا محمدا مین انصاری کی میزبانی ، مرکزی بانی صدر حجة الاسلام علامہ مرزا یوسف حسین کی زیر صدارت مرکزی سکریٹریٹ گلشن اقبال میں منعقدہ سیمینار میں شریک مختلف مکاتب فکر کے جید علماء مشائخ مرکزی چیئرمین علامہ عبدالخالق فریدی سلفی،علامہ پروفیسر ڈاکٹر سید شمیل احمدقادری حنبلی،شیخ الحدیث مولانا مفتی محمد دائود، جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ سید محمد عقیل انجم قادری،مولانا منظرالحق تھانوی ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطین و کشمیر کی آزادی اور استعماری مظالم سے نجات کیلئے جرأت و شجاعت حیدری کو اپنانا ہوگا۔مسلم حکمراں شجاعت علی کو اپنا کر باوقار قوموں کی صف میں کھڑے ہوسکتے ہیں۔حب اہل بیت وحدت امت کا مظہر ہے۔ مسلم امہ استعماری قوتوں کے خلاف حب اہل بیت کے نکتہ پر متحد و بیدار ہوجائے۔اہل بیت سے محبت جزو ایمان و عداوت نفاق کی علامت ہے۔ اہل بیت اطہار ،ازواج مطہرات و بنات رسولۖ ، خلفائے راشدین واصحاب رسولۖ جیسی مقدس شخصیات کی پاکیزہ سیرت و کردار مومن و مومنات کیلئے مشعل راہ و ذریعہ نجات ہے۔فلسطین وکشمیرکی آزادی اور مظالم سے نجات کیلئے جرأت و افکار اہل بیت کو اپناناہوگا۔حماس و حزب اللہ کے قائدین جیسے شہدائے مقاومت فلسطین میں آزادی القدس کیلئے غاصب، ظالم، قابض لاکھوں فلسطینیوں کا قاتل اسرائیل و امریکہ کے خلاف فاتح خیبر سیدنا مولیٰ علی اور سرداران نوجوانان جنت نواسہ رسولۖ حسنین کریمین و دیگر شہدائے کربلا کے افکار و کردار کو اجاگر کرکے ہمیشہ کیلئے زندہ و جاوید ، سرخرو و امر ہوگئے۔اسرائیل خیبر میں اپنی ذلت آمیز شکست کو یادرکھے، حالیہ جنگ بندی و امن معاہدہ استعمار کی شکست و شہدائے القدس کی فتح ہے۔سیمینار سے علامہ سید سجادشبیر رضوی، علامہ مرتضیٰ خان رحمانی، علامہ مفتی عبدالغفور اشرفی،علامہ محمد حسن شریفی،مولانا مفتی وجیہہ الدین ،مولانا قاری محمد اقبال رحیمی، ناصر احمد ایڈووکیٹ ہائی کورٹ،مولانا قاری سید طاہر جمال تھانوی، مولانا حافظ محمد ابراہیم چترالی، نوجوان موٹیویشنل اسپیکر فضائل علی رانا،مولانا پیر حافظ گل نواز خان ترک ودیگرنے خطاب کیا۔سیمینار میں معروف نعت و منقبت خواں خواجہ پیر سید معاذ علی نظامی ،شاہ حسین الدین رحمانی،ایاز قادری نے مولیٰ علی کی شان اقدس اور اہل بیت اطہار کی بارگاہ میں منقبت و نذرانہ عقیدت پیش کیا۔


