کراچی (ایچ آراین ڈبلیو) مہاجر قومی موومنٹ(پاکستان) کے سیکریٹری جنرل شاہد فراز نے آفاق احمد کی رہائشگاہ پر تنظمی ذمہ داران کے اجلاس میں سندھ کے شہری علاقوں سمیت تمام سندھ کے ساتھ ہونے والی ناانصافیوں سے نمٹنے اور شہر پر حکومتی سرپرستی میں مافیاز کے تسلط سے نجات کے حوالے سے مشاورت ہوئی۔ شاہدفراز نے کہا کہ شہر کو مافیاز کے زریعے چلایا جارہاہے، جہاں ڈمپر،ٹینکر، پارکنگ، چنگچی، گٹکا،ماوااور لینڈمافیازجیسے ناجانے کتنے مافیازموجود ہیں جو شہر کو دیمک کی طرح چاٹ رہے ہیں ان تمام کے احتساب کا وقت آچکا ہے۔ انہوں نے تمام مافیاز اور انکی سرپرستی کرنے والے حکمران، انتظامیہ اور پولیس کو 12اپریل تک کا الٹی میٹم دے دیا ہے،کہ وہ اپنا قبلہ درست کرلیں ورنہ عوام اپنا تحفظ خود کرنے پر مجبور ہوجائیگی اور اس وقت ہم اپنی عوام کے ساتھ کھڑے نظر آئینگے۔شاہد فراز نے کہا کہ ریاست میں امن کا قیام،عوام کی جان و مال کی حفاظت کی ذمہ داری حکومت کی ہے جس میں وہ بار بار یاد دہانی کے باوجود سنجیدگی کا مظاہر ہ دکھانے کو تیا ر نہیں۔ شاہد فراز نے کہا کہ مہاجر قومی موومنٹ سندھ میں بسنے والے ہر مظلوم کی آوازبنے گی چاہیے انکا تعلق کسی بھی قومیت،سیاسی جماعت اور کسی بھی علاقے سے کیوں نا ہو ہم بلا تفریق ہر مظلوم کا مقدمہ لڑینگے اور ظالم کے ظلم سے نجات تک یہ جدوجہد جاری رہیگی۔انہوں نے کراچی کی طرح اندرون سندھ میں رینجر ز کو پولیسنگ کے اختیار دینے کے مطالبے کو دہراتے ہوئے کہا کہ اندرون سند ھ میں رینجرز کو پولیسنگ کے اختیار کے مطالبے کے بعد سے اندرون سند ھ سے ہمارے پاس کئی مظلوم شہری ناصرف ملاقات کیلئے آئے بلکہ سوشل میڈیا اور ٹیلی فونک رابطوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور انکا بھی ہمارے اس مطالبے کی تائید اور اس پر عمل درآمد کرانے کیلئے ہم سے مزید درخواست کی جبکہ ہم نے انہیں یقین دلایا کہ رینجر ز کو پولیسنگ کے اختیار دلانے کیلئے پر عزم ہیں رینجر ز کو پولیسنگ کے اختیارات ملتے ہی ناصرف کچے کے ڈاکوں سے نجات ملے گی بلکہ جاگیردارنہ نظام سے بھی چھٹکارہ حاصل ہوگا۔


