کراچی،(ایچ آراین ڈبلیو) اکیڈمیا اور انڈسٹری کے تعاون کو مضبوط بنانے کے لئے ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) کے چیئرمین محمد حسن بخشی نے نائب صدر طارق عزیز کے ہمراہ سرسید یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کا دورہ کیا اور چانسلر محمد اکبر خان کو سرسید یونیورسٹی کے چانسلر کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد پیش کی۔
ملاقات کے دوران دو طرفہ دلچسپی کے امور پر گفتگو ہوئی اور چیئرمین آباد، محمد حسن بخشی نے طلباء کو عصرِ حاضر کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تیار کرنے کے حوالے سے تعلیمی اداروں اور صنعت کاروں کے درمیان باہمی تعاون کو فروغ دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ طلباء کی پیشہ وارنہ مہارت میں اضافہ کے لیے یونیورسٹی کے نصاب میں عملی اور کاروباری تربیت کو شامل کیا جانا چاہئے تاکہ گریجویٹس اپنے کیریئر میں کامیابی کے لیے بہتر طریقے سے تیار کئے جا سکیں۔
سرسید یونیورسٹی کے چانسلرمحمد اکبر علی خان نے سرسیدیونیورسٹی کا دورہ کرنے اور مبارکباد پیش کرنے پر پر چیئرمین آباد کا شکریہ ادا کیا اور سرسید یونیورسٹی میں جدت اور تحقیق کو فروغ دینے کے حوالے سے اپنے وژن کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سول انجینئرنگ کا مستقبل بہت روشن ہے۔ یہ ایک چیلنجنگ فیلڈ ہے۔اس شعبے میں کامیابی حاصل کرنے کے لے ضروری قابلیت اور تربیت کے ساتھ مناسب مواقعوں سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
دونوں رہنماؤں نے یونیورسٹی اور صنعت کے اسٹیک ہولڈرز کے درمیان باقاعدہ بات چیت اور تعاون کی ضرورت کو تسلیم کیا تاکہ اس بات کو یقینی بنایا جا سکے کہ تعلیمی پروگرام موجودہ مارکیٹ کے تقاضوں کے مطابق ہوں۔ میٹنگ کے اختتام پر سووینئرز کا تبادلہ کیا گیا۔


