میرا نام ’’دوسرے درجے کی عورت‘‘ کے ساتھ نہ جوڑا جائے، خلیل الرحمان قمر

کراچی:(ایچ آراین ڈبلیو)معروف مصنف و ہدایت کار خلیل الرحمان قمر نے اداکارہ ایشال فیاض کے ساتھ شادی کی خبروں پر کہا ہے کہ میرا نام ’’دوسرے درجے کی عورت‘‘ کے ساتھ وابستہ نہ کریں۔خلیل الرحمان قمر کا شمار جہاں ملک کے نامور مصنف اورہدایت کاروں میں ہوتا ہے وہیں وہ اپنے بیانات کے باعث تنازعات کی زد میں بھی رہتے ہیں۔ ڈراما سیریل’’میرے پاس تم ہو‘‘میں جہاں ان کے لکھے گئے مکالمے ’’دو ٹکے کی لڑکی‘‘کو شہرہ آفاق مقبولیت ملی وہیں اب وہ اداکارہ ایشال فیاض کے لیے استعمال کیے گئے الفاظ’’دوسرے درجے کی عورت‘‘کے باعث شدید تنقید کی زد میں ہیں۔در اصل گزشتہ کچھ دنوں سے خلیل الرحمان قمر اور ان کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم’’کاف کنگنا‘‘کی ہیروئن ایشال فیاض کے ساتھ دوسری شادی کی خبریں گردش کررہی ہیں۔ حالانکہ ایشال فیاض اور خود خلیل الرحمان قمر ان خبروں کی تردید کرچکے ہیں۔تاہم حال ہی میں ایکسپریس ٹریبیون کو دئیے گئے انٹرویو میں خلیل الرحمان قمر نے ایک بار پھر اپنی اور ایشال فیاض کی شادی کی خبروں کو من گھڑت قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے خلاف پروپیگنڈا کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا میں اپنی زندگی میں خوش اور مطمئن ہوں اور تمام لوگوں سے درخواست کرتاہوں جو میرے اور ایشال کے بارے میں افواہ پھیلارہے ہیں میرا نام اس طرح کی ’’دوسرے درجے کی عورت‘‘ کے ساتھ نہ جوڑیں۔خلیل الرحمان نے مزید کہا میرا ابھی شادی کا کوئی ارادہ نہیں، لہذٰا میں تمام لوگوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اس طرح کی باتوں پر یقین نہ کریں۔ خلیل الرحمان قمر سے شادی کی افواہوں کے بعد اداکارہ ایشال فیاض نے بھی سوشل میڈیا پر ویڈیوپیغام جاری کرکے ان تمام باتوں کو بے بنیاد قرار دیا تھا اورکہاتھا کہ وہ اس وقت بالکل سنگل ہیں اور صرف اپنے کام پر توجہ مرکوز کرنا چاہتی ہیں۔
اس سے قبل خلیل الرحمان قمر خواتین کے حوالے سے دئیے گئے بیان کہ اگر خواتین مردوں کی برابری چاہتی ہیں تو مردوں کا ریپ بھی کرلیں کے باعث شدید کی زد میں رہے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں