چین نے شہریوں کو مفت کروناویکسین دینے کا اعلان کردیا

بیجنگ(ایچ آراین ڈبلیو)چین نے اپنے تمام شہریوں کو کرونا وائرس کی ویکسین مفت دینے کا اعلان کردیا، مذکورہ ویکسین 79 فیصد مؤثر ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق چین کے قومی صحت کمیشن کے نائب سربراہ زینگ ای شن نےپریس کانفرنس میں اعلان کیا کہ چین اپنےتمام شہریوں کونوول کرونا وائرس ویکسین مفت فراہم کرے گا۔چین نے گزشتہ روز ہی سرکاری دوا ساز کمپنی سائنو فارم کی تیار کردہ ویکسین کی عام استعمال کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ مذکورہ ویکسین کے ٹرائلز کے تیسرے مرحلے میں اس کی 79 فیصد افادیت سامنے آئی ہے۔اس ویکسین کے تیسرے مرحلے کے تنائج سے پہلے ہی ایمرجنسی پروگرام کے تحت چین میں اسے تقریباً 10 لاکھ لوگوں کو دی چکی تھی۔چین میں سائنوویک اور سائنو فارم کے علاوہ مزید کم از کم 2 ویکسینز تیاری کے مراحل میں ہیں، ان میں سے ایک کین سائنو بائیولوجکس ہے جو سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں تیاری کے تیسرے مرحلے میں ہے۔اس ویکسین کی انڈونیشیا، متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اپنے یہاں استعمال کی منظوری دے دی ہے، سنگا پور نے موڈرنا اور فائزر سمیت سائنو ویک ویکسین کی خریداری کا معاہدہ کرلیا ہے جبکہ پاکستان میں بھی سائنو فارم ویکسین خریدنے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں