کوروناوائرس کا پھیلاؤ،وزیراعظم آفس کا اسٹاف محدودکردیاگیا

اسلام آباد(ایچ آراین ڈبلیو)کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر وزیراعظم آفس کا اسٹاف محدود کردیا گیا ہے۔وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری سرکلر میں جوائنٹ سیکرٹری ایڈمن کے علاوہ تمام جوائنٹ سیکرٹریز کو گھر سے کام کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔مختلف شعبوں کے ڈپٹی سیکرٹریز ہفتہ وار دفتری امور انجام دیں گے۔ گھر سے کام کرنے والے افسران کو سٹیشن نہ چھوڑنے اور فون پر دستیاب رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ایمرجنسی کی صورت میں افسران کو کسی بھی وقت بلایا جا سکتا ہے۔ایک نجی ٹی وی کی رپورٹ کےمطابق سرکلر میں ہدایت کی گئی کہ ‏وزیراعظم آفس کےتمام شعبوں کےملازمین ڈیوٹی روسٹرزکےمطابق کام جاری رکھیں گے۔ گھر سے کام کرنے والے جوائنٹ سیکرٹریز فائلز اور دستاویزات کے لیے اپنے دفاتر میں ایک ملازم تعینات کریں۔خیال رہے کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہبازشریف، سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور وزیرریلوے شیخ رشید احمد سمیت متعدد اراکین قومی اسمبلی کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال اور مریم اورنگزیب کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آ چکا ہے، ن لیگی رہنما طاہرہ اورنگزیب اور عطااللہ تارڑ میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو چکی ہے اور تمام رہنماؤں نے خود کو قرنطینہ کر لیا ہے۔سینیٹر ثنا جمالی اور متحدہ قومی موومنٹ کے ایم این اے اُسامہ قادری نے بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد خود کو قرنطینہ کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں