مولانا محمد مظہر قیوم جلالی کے ختم شریف کے موقع پر علوم اسلامیہ کانفرنس کا انعقاد

لاہور (ایچ آراین ڈبلیو) تحریک لبیک یار سول اللہ صلی اللہ علیک وسلم و تحریک صراط مستقیم کے زیر اہتمام استاذ العلماء حضرت مولانا محمد مظہر قیوم جلالی کے ختم شریف کے موقع پر علوم اسلامیہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس کی صدارت حضرت پیر سید محمد خالد شاہ صاحب پیر پٹھان نے کی۔ جبکہ صاحبزادہ احمد رضا گوندل، الحاج محمد احسن گوندل، مولانا محمد عارف اللہ صاحب مہمان خصوصی تھے۔ علوم اسلامیہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک لبیک یا رسول اللہ صلی اللہ علیک وسلم کے سربراہ ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی نے کہا: علوم اسلامیہ تمام شعبہ ہائے زندگی کے لیے رہبر و رہنماء ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کہ مشروط طریقے سے عصری علوم بھی ضروری ہیں مگر یہ حقیقت ہے کہ علوم اسلامیہ مسلمان کے لیے آنکھ اور عصری علوم عینک کی حیثیت رکھتے ہیں۔ دنیا کی زندگی میں انسان کی بہترین رہنمائی دنیا کو پیدا کرنے والا پروردگار ہی کر سکتا ہے۔ ایک اسلامی معاشرہ میں سب سے بڑی ضرورت یہ ہے کہ بندہ ہر قدم اٹھانے سے پہلے یہ حتمی طور پر معلوم کر لے کہ وہ جو قدم اٹھانے والا ہے اس پر اللہ تعالیٰ راضی ہو گا یا ناراض ہوگا۔ کاروبار حیات میں نت نئے مسائل میں حلال و  حرام کا واضح فرق بیان کرنے والی اتھارٹی کی شدید ترین ضرورت ہے ورنہ مسلمانوں اور کفار کے زندگی بسر کرنے کے طریقوں میں سے فرق ختم ہو جائے گا۔ دنیاوی امور کی بہترین دینی رہنمائی کرنے والے ماہرین مدارس دینیہ سے تیار ہوتے ہیں۔ اگر آج ہم اپنی اولادوں کو مدارس سے دور رکھیں گے تو کل معاشرے میں پھیلے ہوئے اندھیروں کے ذمہ دار بھی ہمیں ہی قرار دیا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں