غوثیہ مسجد لیاقت آباد کے امام سمیت 14 افراد اے ٹی سی کے مقدمات سے باعزت بری

کراچی ( ایچ آراین ڈبلیو ) تحریک لبیک پاکستان کراچی کے امیر علامہ رضی حسینی نقشبندی نے کہا ہے کہ ٹی ایل پی کی لیگل ایڈ کمیٹی کی کاوشوں کے باعث غوثیہ مسجد لیاقت آباد کے امام سمیت 14 افراد کو اے ٹی سی کے مقدمات سے باعزت بری کردیا گیا ہے۔ ہم مساجد کو لاوارث نہیں چھوڑیں گے اگر مستقبل میں بھی کسی نے مساجد پر شب خون مارنے کی کوشش کی تو ہم سیسہ پلائی دیوار بن کر اس کا مقابلہ کریں گے۔ ان تمام افراد کی بریت سے یہ بات ثابت ہوگئی ہے کہ مسلک اہلسنت کا دہشت گردی سے کوئی تعلق نہیں ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جاری بیان میں کیا علامہ رضی حسینی نقشبندی نے کہا کہ غوثیہ مسجد لیاقت آباد میں پیش آنے والے ناخوشگوار واقعہ کے بعد امام مسجد سمیت 14 افراد کے خلاف اے ٹی سی کی دفعات کے تحت مقدمات درج کرکے حکومت نے بدترین انتقامی کارروائی کا مظاہرہ کیا تھا۔ٹی ایل پی کی لیگل ایڈ کمیٹی نے محمد شہزاد قادری کی رہنمائی میں ان بے گناہ افراد کا مقدمہ لڑا اور معزز عدالت نے ان کو باعزت مقدمات سے بری کردیا۔ علامہ رضی حسینی نقشبندی نے کہا کہ امیر المجاہدین علامہ خادم حسین رضوی کی ولولہ انگیز قیادت میں تحریک لبیک پاکستان خدمت کی ایک نئی تاریخ رقم کررہی ہے۔ ہم علماء اہلسنت اور عوام کو مشکل کی کسی گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ تحریک لبیک ایک نظریے کا نام ہے جسے جھوٹے مقدمے اور اوچھے ہتکھنڈے اس کی راہ سے نہیں ہٹاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاٶن کے نام پر مذہبی طبقے کو نشانہ بنانے کا سلسلہ بند کیا جائے افسوس کا مقام ہے کہ آج بازاروں کو تو کھلنے کی اجازت دی جارہی ہے لیکن مساجد میں عوام کا داخلہ بند کردیا گیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں